آتشزدگی میں رہائشی مکان جل کر راکھ

 تھنہ منڈی// سب ڈویژن تھنہ منڈی کے عظمت آباد گاؤں میں مشکوک حالت میں آگ بھڑک اٹھی جس کی وجہ سے ایک رہائشی مکان جل کر خاکستر ہو گیا جس میں لاکھوں روپے کی مالیت کے نقصان کا اندازہ لگایا جا رہا ہے۔ واضح رہے کہ تھنہ منڈی کے عظمت آباد گاؤں کے رہائش پذیر مشتاق احمد ولد احمد دین کا رہائشی مکان جل کر راکھ کا ڈھیر بن گیا۔ آگ لگنے کی فوری وجہ معلوم نہیں ہو سکی۔ بتایا جاتا ہے کہ اس مکان میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں ان کا رہائشی مکان جل کر راکھ کا ڈھیر بن گیا۔ جس میں فرنیچر، کپڑے، بستر، برتن، فرنیچر، اناج ، نقدی رقم راکھ کا ڈھیر بن گئی۔ بعد ازاں مقامی لوگ فوری طور پر جائے واردات پر پہنچ گئے ۔مقامی لوگوں کی مدد سے آگ پر قابو پایا گیا البتہ اس حادثے میں گھر کا سارا سامان مکمل طور پر تباہ ہو گیا تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ وہیں ڈی ڈی سی ممبر عبدالقیوم میر، چیئرمین میونسپل کمیٹی تھنہ منڈی شکیل احمد میر اور ایس ایچ او تھنہ منڈی شوکت چوہدری کے علاوہ دیگر کئی سیاسی و سماجی شخصیات نے اس واردات پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ سے ایک مرتبہ پھر مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر متاثرہ خاندان کو معقول معاوضہ فراہم کیا جائے۔ اس موقع پر عوام نے تھنہ منڈی کے لئے فائر سروس سٹیشن کی جلد بحالی کا مطالبہ بھی کیا جسے برسوں نظر انداز کیا جاتا رہا ہے۔انھوں نے کہا کہ حکومت سے کئی بار تھنہ منڈی کے لئے فائر سروس سٹیشن کی مانگ کی گئی تاہم وعدوں کے باوجود تا ہنوز اس سلسلہ میں کوئی پیش رفت نہیں ہوئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہم یو ٹی حکومت سے ایک مرتبہ پھر مطالبہ کرتے ہیں کہ ترجیحی بنیادوں پر تھنہ منڈی کے لئے فائر سروس سٹیشن کا قیام عمل میں لایا جائے تاکہ ا?ئندہ اس طرح کے واقعات رونما نہ ہونے پائیں.