تھنہ منڈی// سب ڈویژن تھنہ منڈی کے عظمت آباد گاؤں میں بجلی کے شارٹ سرکٹ کی وجہ سے ایک تین منزلہ رہائشی مکان جل کر خاکستر ہو گیا جس میں لاکھوں روپے کی مالیت کے نقصان کا اندازہ لگایا جا رہا ہے۔ واضح رہے کہ اتوار کی صبح ڈھائی بجے کے قریب تھنہ منڈی کے عظمت آباد گاؤں میں شبیر حسین ،کبیرحسین و تصویر حسین پسران طالب حسین کے رہائشی مکان میں بجلی کے شارٹ سرکٹ کی وجہ سے آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں ان کا تین منزلہ رہائشی مکان جل کر راکھ کا ڈھیر بن گیا۔ آگ لگنے سے فرنیچر، کپڑے، بستر، برتن، اناج ، نقدی رقم اور لاکھوں روپے کے زیورات سمیت طالب حسین اور اس کے بچوں کی زندگی بھر کی جمع پونجی راکھ کا ڈھیر بن گئی۔ مکینوں نے بتایا کہ حال ہی میں اس گھر کی دو بیٹیوں کی شادی ہونے والی تھی جن کے جہیز اور زیورات سمیت دیگر سامان بھی جل کر راکھ ہو گیا۔ بعد ازاں مقامی لوگ فوری طور پر جائے واردات پر پہنچ گئے اس طرح پولیس اور فوج کی مدد سے آگ پر قابو پایا گیا البتہ اس حادثے میں 3 منزلہ مکان مکمل طور پر تباہ ہو گیا تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ وہیں ڈی ڈی سی ممبر عبدالقیوم میر، تحصیلدار تھنہ منڈی ساحل علی شاہ، چیئرمین میونسپل کمیٹی تھنہ منڈی شکیل احمد میر اور ایس ایچ او تھنہ منڈی فرید احمد چوہدری کے علاوہ دیگر کئی سیاسی و سماجی شخصیات نے اس واردات پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے ۔سیاسی لیڈران و معززین نے انتظامیہ سے مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ متاثرین کو معاوضہ دیا جائے ۔