آبپاشی نہر کی مرمت کا معاملہ

بھدرواہ //آبپاشی نہر کی مرمت و بحالی کو لے کر کسانوں نے بھدرواہ میں محکمہ پی ڈبلیو ڈی کیخلاف احتجاج کیا ۔دھیراج گائوں کے کسانوں نے مقامی انتظامیہ اور متعلقہ محکمہ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ خریف کی فصل تک آبپاشی نہر کی مرمت کی یقین دہانیاں کروائی گئی تھی تاہم محکمہ پی ڈبلیوڈی کی جانب سے ابھی تک کسانوں کو سہولیات فراہم نہیں کی گئی ہیں ۔مقامی انتظامیہ کے رویہ سے تنگ آکر کسانوں نے بھدرواہ کے چنار محلہ میں جمع ہو کر نعر ے بازی کر کے بھدرواہ تا سرٹینگل سڑک کو گاڑیوں کی آمد ورفت کیلئے بند کردیا ۔کسانوں کے احتجاجی دھرنے کی وجہ سے مذکورہ سڑک پر ملازمین اور طلباء کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔مظاہرین نے محکمہ پی ڈبلیو ڈی انتظامیہ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ آفیسران کی لاپرواہی سے تنگ آکر ان کو احتجاج کا راستہ اختیار کرنا پڑا ۔انہوں نے مزیدکہاکہ پانی نہ ہونے کی وجہ سے خریف کی فصل کو لگانے میں کئی طرح کی دقتوں کا سامنا کرنا پڑے گا ۔اس دوران ایس ایچ ائو بھدرواہ منیر خان محکمہ پی ڈبلیو ڈ ی کے جونیئر انجینئر کے ہمراہ موقعہ پر پہنچے اور انہوں نے احتجاج کر رہے کسانوں کو یقین دلایا کہ متعلقہ محکمہ جلداز جلد مذکورہ آبپاشی نہر کی مرمت کر کے کسانوں کو سہولیات فراہم کرئے گا ۔ایس ایچ ائو اور متعلقہ محکمہ کی طرف سے یقین دہانی ملنے کے بعد مظاہرین نے اپنا احتجاج ختم کر دیا ۔