آئی پی ایل نیلامی کا دوسرا دن | فرنچائزروں نے بڑے ناموں میں کوئی دلچسپی نہیں دکھائی

بنگلور//آئی پی ایل 2022 کی نیلامی کے دوسرے دن اتوار کے روز فرنچائزز نے بڑے ناموں میں کوئی دلچسپی نہیں دکھائی۔  نیلامی کے دوسرے روز لنچ تک 43 کھلاڑیوں کی بولی لگائی گئی جن میں سے 20 کھلاڑیوں کو خریدار ملا جب کہ 23 کھلاڑی فروخت نہیں ہوئے۔ آئی پی ایل فرنچائزز نے ان 43 کھلاڑیوں میں سے 10 بڑے غیر ملکی کھلاڑیوں پر بولی نہیں لگائی۔  ان میں انگلینڈ کی وائٹ بال ٹیم کے کپتان ایون مورگن (1.50 کروڑ) اور آسٹریلیا کی وائٹ بال ٹیم کے کپتان ایرون فنچ (1.50 کروڑ) سمیت ڈیوڈ ملان (1.50 کروڑ)، نیتھن کولٹر نائل (20 ملین)، کرس جارڈن (20 ملین) ، تبریز شمسی (ایک کروڑ)، لونگی نگیڈی (50 لاکھ)، جمی نیشم (1.50 کروڑ)، ایش سودھی (50 لاکھ) اور شیلڈن کوٹریل شامل ہیں۔سات غیر ملکی کھلاڑیوں کی بولی لگائی گئی اور سب سے مہنگے انگلینڈ کے آل راونڈر لیام لیونگسٹون تھے جنہیں پنجاب کنگز نے 11.50 کروڑ روپے میں خریدا۔ پنجاب کنگز نے ایک اور آل راونڈر اوڈن اسمتھ کو بھی چھ کروڑ خرچ کر کے خرید لیا۔ اس کے علاوہ سن رائزرس حیدرآباد نے جنوبی افریقہ کے نوجوان فاسٹ بولر مارکو یانسن کو 4.20 کروڑ میں اور ان کے ہم وطن ایڈن مارکرم کو 2.60 کروڑ میں خریدا۔ گجرات ٹائٹنز نے کیریبین آل راونڈر ڈومینک ڈریکس کو 1.10 کروڑ روپے میں، لکھنو سپر جائنٹس نے سری لنکا کے فاسٹ بولر دشمنتا چمیرا کو 2 کروڑ میں اور چنئی سپر کنگز نے سری لنکا کے اسپنر مہیش دکشنا کو 70 لاکھ روپے میں منتخب کیا۔ دریں اثنا آٹھ اَن کیپڈ ہندوستانی کھلاڑیوں میں سے صرف رنکو سنگھ اور منن وہرا کو خریدار ملے۔ رنکو نے 55 لاکھ روپے میں کولکاتہ نائٹ رائیڈرز میں شمولیت اختیار کی، جبکہ منن نے اپنی بنیادی قیمت 20 لاکھ روپے میں لکھنوسپر جائنٹس میں شمولیت اختیار کی۔