آئی ٹی آئی ٹریننگ کیلئے اہلیت کے قواعد میں ترمیم کی سفارش

 سرینگر// وزیر اعلیٰ کے مشیر پروفیسر امیتابھ مٹو نے  کل جموں کشمیر میں نالج انیشیٹو کو چالو کرنے کیلئے لایحہ عمل وضح کرنے کیلئے تشکیل دئیے گئے ورکنگ گروپ کے کام کاج کا جائیزہ لیا ۔ وزیر تعلیم سید الطاف بخاری نے بھی میٹنگ کی صدارت میں حصہ لیا ۔  میٹنگ میں فائنانشل کمشنر کوارٰدیشن /ریذیڈنٹ کمشنر جے اینڈ کے گورنمنٹ نئی دہلی ، وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری روہت کنسل ، کمشنر سیکرٹری محکمہ اعلیٰ تعلیم ، رجسٹرار جموں یونیورسٹی اور دیگر متعلقہ افسران موجود تھے ۔ دوران میٹنگ وزیر تعلیم نے کہا کہ ورکنگ گروپ کو قلیل و طویل مدتی طریقہ کار کو مرتب کر نے میں سرعت لانے کی ضرورت پر زور دیا تا کہ ریاست میں روز گار کے حصول کیلئے اہلیت میں اضافہ کرنے کیلئے سکل ڈیولپمنٹ میں اضافہ ہو سکے ۔ پہلے قدم کے طور پر الطاف بخاری نے جموں کشمیر میں ہارٹیکلچر یونیورسٹی کے قیام کیلئے منصوبہ مرتب کرنے پر زور دیا جس کا ریاست میں آف سائیٹ کیمپس بھی ہوں گے ۔ وزیر تعلیم نے گروپ کو ریاست میں آئی ٹی آئی سے تکنیکی ڈپلومہ کے حصول کیلئے اُمیدواروں کی تعلیمی قابلیت کو  میٹرک سے کم کر کے آٹھویں جماعت پاس کرنے کیلئے سفارش کرنے کیلئے کہا ۔ گروپ نے جموں کشمیر اوپن یونیورسٹی کے قیام کیلئے بھی سفارش کرنے کو اتفاقِ رائے سے منظور کیا ہے ۔ بخاری نے ریاست کی نئی کلسٹر یونیورسٹیوں کی معاونت کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ۔ انہوں نے پروفیسر مٹو کو ریاست میں یونیورسٹیوں بالخصوص دو نئی کلسٹر یونیورسٹیوں کے تدریسی عمل کی نگرانی کرنے کی اپیل کی جو امسال اپنا پہلا تدریسی اجلاس شروع کر رہی ہیں ۔ اس موقعہ پر ویژن ڈاکومنٹ کے عنوان کو حتمی شکل دی گئی جس کا عنوان ’’ ایجوکیشن ، انگیجمنٹ و ایمپلایبلٹی : امپاورنگ جے اینڈ کے یوتھ ان گلوبل نالج سوسائٹی ‘‘رکھا گیا ہے ۔ نالج انشیٹو کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کیلئے پروفیسر مٹو نے کہا کہ ورکنگ گروپ جموں کشمیر میں تعلیمی نظام کی ترتیب نو کیلئے بہترین لایحہ عمل مرتب کرے گا ۔ انہوں نے کہا کہ گروپ کا اولین مقصد ریاست میں انسانی وسائل کو فروغ دے کر تحقیق و تعلیم کا معیار بین الاقوامی سطح تک لے جانا ہے ۔ واضح رہے ورکنگ گروپ 9 جون 2017 کو اس مقصد سے تشکیل دیا گیا تھا کہ ایک ایسا ویژن ڈاکو منٹ تیار کیا جا سکے جو ہُنر ، تعلیم و تدریس ، تحقیق کیلئے بہترین عالمی اور روائتی قواعد و ضوابط سے مرصع ہو ۔