آئینی ترمیم کے دوران ریاستی خودمختاری کا تحفظ

 سرینگر//ہینڈی کرافٹس اینڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے نائب چیئرمین نظام الدین بٹ نے وزیر خزانہ ڈاکٹر حسین درابو کے اُس بیان کا خیرمقدم کیا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ ریاست میں جی ایس ٹی کو عملاتے وقت ریاست کے آئینی، اقتصادی اور انتظامی تحفظات کا خاص خیال رکھا جائے گا۔انہوں نے مختلف وفود کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ وزیر خزانہ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ایکٹ کی عمل آوری سے ریاست کو مالی محاذ پر فائدہ ہوگا اور سیاسی اور مالی خود مختاری بنی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایکٹ کی آئینی عمل آوری کے حوالے سے اپوزیشن کی طرف سے اُبھارے گئے امور پر مختلف فورموں کے ذریعے مدلل بحث کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ وقار کی بات ہے کہ ریاستی اسمبلی کی حیثیت کا وقار رکھا گیا ہے اور بی جے پی نے ایجنڈا آف الائنس کے مطابق ریاست کی خصوصی آئینی پوزیشن سے اتفاق کیا ہے۔بٹ نے تاجروں کو ریاستی قانون سازیہ میں ایکٹ کی عمل آوری پر ہورہی بحث کا سنجیدگی سے مشاہدہ کرنے کی اپیل کی۔انہوں نے ہینڈ لوم اور ہینڈی کرافٹ سیکٹروں کو ٹیکس کے بوجھ سے بچانے میں وزیر خزانہ کی توجہ بھی طلب کی۔