آئو سبزیاں اُگائیں | کچن گارڈن لالمنڈی میں پنیری کی تقسیم کاری شروع

سرینگر// محکمہ زراعت نے ’آئو سبزی اُگائیں ‘ سکیم کے تحت مختلف سبزیوں کی پنیری جس میں (ہائبرڈ ٹماٹر، ساگ، (خانیاری ) ، لوکی اور کھیرا وغیرہ شامل ہے )کی تقسیم کاری کا آغاز لالمنڈی سرینگر کے کچن گارڈن میں کیا۔ناظم زراعت کشمیر الطاف اعجاز اندرابی نے اس موقع پر کہا کہ پنیری کی تقسیم کاری کا بنیادی مقصد کشمیر ڈویژن کے دیہی اور شہری علاقوں میں کچن گارڈننگ کی سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سکیم کا مقصد کاشتکاروں تک زیادہ سے زیادہ رسائی کو یقینی بناناہے تاکہ وہ اپنے گھروں کے خالی احاطے کو استعمال میں لاکر موجودہ حالات میں سبزیوں کی صحت مند فراہمی سے لطف اندوز ہو پائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ سبزیوں کی پیداوار نہ صرف آبادی کے روزانہ استعمال میں معاون ہے بلکہ اسے تجارتی مقاصد کیلئے بھی اپنایا جا سکتا ہے۔ڈائریکٹر نے کہا کہ سبزیوں کی کاشتکاری میں روزگار کے مواقع پیدا کر نے کی اچھی صلاحیت موجود ہے۔ اس موقعہ پر ناظم زراعت نے کہا کہ اس سلسلے میں معیاری سبزیوں کی پنیری فراہم کرنے کے علاوہ گھریلو ضروریات کو پورا کرنے اور زیادہ سے زیادہ سبزی پیداوار بڑھانے کیلئے کچن گارڈننگ سکیم کو فروغ دینے کیلئے محکمہ پر عزم ہے تاکہ وسائل کی پیداوار کیلئے قومی اور بین الاقوامی مارکیٹ میں بھی پہنچائی جا سکے۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ان اقدامات کو ـ’’زراعت ٹائمز‘‘ کی بھی حمایت حاصل ہے۔ ’’زراعت ٹائمز‘‘ نے حال ہی میں جموںوکشمیر میں پیداواری صلاحیت اور خوراک کی حفاظت کو فروغ دینے کیلئے متعدد جانکاری سرگرمیاں انجام دی ہیں۔اس موقعہ پر جوائنٹ ڈائریکٹر ایگریکلچر (ایکسٹینشن/انپٹس) چودھری محمد اقبال، سیڈ پروڈکشن آفیسر منظور احمد لون، انچارج کچن گارڈن الطاف احمد کے علاوہ محکمہ کے دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔