آئنی حقوق کی بحالی کیلئے پینتھرس پارٹی کو ہی ووٹ دو:بھیم سنگھ

سرینگر//پینتھرس پارٹی کے سرپرست اعلی پروفیسر بھیم سنگھ نے جموں ۔پونچھ لوک سبھا حلقہ کے ووٹروں سے انہیں ووٹ اور حمایت دینے کی اپیل کرتے ہوئے اپنے مشن کا اعلان کیا کہ وہ منتخب ہونے پر ہندستان کی پارلیمنٹ کو رفتار دیں گے، ہندستان کے آئین میں دیئے گئے تمام بنیادی حقوق کی جموں و کشمیر تک توسیع کریں گے، جو 1950 کے بعد سے جب ہندستان کا آئین بنا تھا، جموں و کشمیر ریاست میں نافذ نہیں کئے گئے ۔پروفیسربھیم سنگھ نے جموں و کشمیر کے لوگوں کو ہندستان کے آئین میں شامل بنیادی حقوق کے فوائد سے دور رکھنے کیلئے ریاست کی علاقائی پارٹیوں سمیت کانگریس اور بی جے پی جیسی قومی پارٹیوں کو مورد الزام ٹھہرایا۔پروفیسربھیم سنگھ نے کہا کہ قومی پرچم کے ساتھ بنیادی حقوق کی جموں وکشمیر تک توسیع کرکے ریاست کے تمام مسائل کو پرامن طریقہ سے حل کیا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے کانگریس اور بی جے پی کو جموں و کشمیر کے لوگوں کو گمراہ کرنے کیلئے ذمہ دار ٹھہرایا، تاکہ ریاست کو ہندوستانی آئین کے فوائد سے دور رکھا جا سکے۔ پروفیسر بھیم سنگھ نے کہا کہ جموں و کشمیر میں انتہا پسندی کی خاص وجہ بنیادی حقوق کی جموں و کشمیر تک توسیع نہ ہوناہے۔