آئندہ 24گھنٹوں میں ہلکی بارشوں کا امکان

اشفاق سعید
سرینگر //جموں میں اس موسم کی گرم ترین رات ریکارڈ کی گئی جبکہ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران دونوں مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں ہلکی سے درمیانہ درجہ کی بارش کا امکان ہے۔محکمہ کے مطابق ایک معمولی مغربی ہوائوں کا دبائو جموں و کشمیر پر اثر انداز ہوگا جس کے باعث بہت سے مقامات پر 12اپریل کی رات سے14 اپریل کے دوران ہلکی سے اعتدال پسند بارش کا امکان ہے اور اس سے دن کے درجہ حرارت میں 4سے5 ڈگری سیلسیس کی کمی آئے گی۔ یاد رہے کہ وادی میں مارچ کے مہینے سے ہی دن کے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت میں اضافہ ہوا اور درجہ حرارت 28ڈگری سلسیس تک جا پہنچااور اپریل میں بھی گرمی کی شدت برقرار رہے گی۔محکمہ موسمیات کے ترجمان کے مطابق سرینگر میں رات کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت  11.2ڈگری، پہلگام میں 6.9 ڈگری  اور گلمرگ میں 7.5 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ دراس میں  0.3، لیہہ 5.4 اور کرگل میں 3.8 تھا۔ادھر جموں سے محکمہ موسمیات نے بتایا کہ جموں شہر میں موسم کی گرم ترین رات ریکارڈ کی گئی، جب کہ منگل کو دن کے درجہ حرارت میںمعمولی کمی واقع ہوئی اور یہ 39.6کے مقابلے میں 38.9 ڈگری سیلسیس پر پہنچ گیا۔ تاہم پیر اور منگل کی رات شہر میں کم از کم درجہ حرارت 26.6 ڈگری تک پہنچ گیا جو اس موسم میں معمول سے 7.4 ڈگری زیادہ ہے۔انہوں نے بتایا کہ پیر کو جموں میں دن کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39.6 ڈگری سیلسیس تھا۔محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر سونم لوٹس  نے بتایا کہ 12اپریل کی دوپہر سے وادی میں موسم میں تبدیلی آئے گی اور آج صبح سے وادی اور پیر پنچال کے تمام علاقوں میں ہلکی سے درمیانہ درجہ کی بارشیں ہونے کا امکان ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ سلسلہ 14اپریل کی رات تک وقفے وقفے سے جاری رہ سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ بارشیں وقفے وقفے سے ہوں گی اور اس سے درجہ حرارت میں بھی کمی آئے گی۔