آئندہ 10روز کی پیش گوئی جاری| موسم خوشگوار رہیگا

سرینگر // محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ اگلے دس روز تک جموں و کشمیر کا موسم درجہ حرارت میں نمایاں بہتری کے ساتھ’بنیادی طور پر خشک‘ رہے گا۔ ڈائریکٹر سونم لوٹس نے ایک ویڈیو بیان میں کہا کہ’’گزشتہ ہفتے کے بعد جموں و کشمیر اور لداخ میں موسم خشک رہا اور دن اور رات کے درجہ حرارت میں بتدریج اضافہ ہوا ۔سونم لوٹس نے بیان میں کہا کہ چلہ کلان کی سردی کا زور مکمل طور پر ٹوٹ چکاہے اور اب دن کے درجہ حرارت میں آہستہ آہستہ اضافہ ہوتا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ آج سے آئندہ 10روز تک موسم کی پیش گوئی ہے کہ رات کا درجہ حرارت0سے منفی ایک ڈگری تک گرسکتا ہے تاہم دن کے درجہ حرارت میں لگاتار بہتری آئیگی جو 9ڈگری کے آس پاس رہیگا۔انکا کہنا تھا کہ رات کے درجہ حرارت میں زیادہ گراوٹ نہیں آئیگی کیونکہ بادل بھی رہیں گے لیکن دن میں اچھی خاصی دھوپ کیساتھ موسم خوشگوار بھی رہے گا۔انکا کہنا تھا کہ سرینگر میں درجہ حرارت منفی 1.2 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ چلہ کلاں کے دوران شدید سردی کی لہر میں پھنسے لوگوں کو پیر کی رات بہت بڑا سکون پہنچا۔ سری نگر میں 30 جنوری کو چلہ کلاں کی آخری رات درجہ حرارت منفی 8.8 ڈگری ریکارڈ کیا گیا تھا ۔ لوٹس نے بتایا کہ سرینگر سمیت وادی کے دیگر میدانی علاقوں میں شبانہ درجہ حرارت گر سکتا ہے  تاہم راتیں زیادہ سرد نہیں ہونگی اور اب دن کے درجہ حرارت میں متواتر طور پر اضافہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ 3 روز سے جاری دھوپ کے بعد منگل کے روز موسم ابر آلود رہا۔اس دوران گلمرگ میں پیر کی رات منفی 3.5 ڈگری سی اور پہلگام  میںمنفی 2.2 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات کے اعدادوشمار کے مطابق پیر کی رات قاضی گنڈمیں منفی 4.3 ڈگری رہا ، جہاں وادی میں سرد ترین رات ریکارڈ کی گئی۔گذشتہ 30 سالوں میں وادی میں چلہ کلاں کا سب سے سخت طوفان دیکھا گیا تھا جس کے دوران کم درجہ حرارت ڈل جھیل سمیت آبی ذخائر کو منجمد کرنے کا سبب بنا تھا۔ چار اور چھ جنوری کے دوران ہونے والی شدید برف باری نے وادی اور  زمینی و فضائی سطح کی ٹریفک دونوں کو متاثر ہونے کے بعد وادی کو باقی دنیا سے پانچ دن کے لئے الگ تھلگ کیا تھا۔ 40 روزہ چلہ کلان جو گذشتہ ہفتہ کو ختم ہوا ، اس کے بعد 30 روزہ 'چلہ خورد 30 جنوری سے 19 فروری تک ہوگا اور بعد میں 20 فروری سے 10 روزہ 'چلہ بچہ کا موسم ہوگا۔ محکمہ موسمیات کے اعداد و شمار کے مطابق ، سری نگر میں 12 دسمبر 2020  سے لگاتار55روز تک کم سے کم درجہ حرارت انجماد سے نیچے رہا۔