آئسولیشن نے سیریز کی تیاریاں متاثر کی ہیں:مصباح الحق

کراچی / پاکستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے شکوہ کیا ہے کہ ہم عوام کی صحت اور حفاظت کے لیے بنائے گئے نیوزی لینڈ کے قوانین کا مکمل احترام کرتے ہیں تاہم ایسے میں اس حقیقت سے بھی انکار نہیں کیا جاسکتا ہے کہ نیوزی لینڈ میں بعض قواعدوضوابط کے نفاذ نے ہمارے کھلاڑیوں کو ذہنی اور جسمانی طورپر متاثر کیا ہے۔ آئسولیشن میں رہ کر پاکستانی کھلاڑیوں کی سیریز کے حوالے سے تیاریاں متاثر ہوئی ہیں ہماری ٹیم نے صبر و برداشت کے ساتھ حالات کا مقابلہ کیا۔ واضح رہے کہ گذشتہ بارہ دن میں کھلاڑی ایک ہوٹل کے کمرے تک محدود ہر کر زندگی کے مشکل ترین حالات سے گذاررہے ہیں۔اس بات کا اظہار پی سی بی نے کرکٹ نیوزی لینڈ کو لکھی گئی ای میل میں بھی کیا ہے۔ اتوار کو ایک بیان میں مصباح الحق نے کہا کہ آئندہ 2 روز میں آئسولیشن کی مدت مکمل کرکے یہاں سے روانہ ہوں گے تو یہ سب کچھ پیچھے رہ جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم اپنی ہوم کنڈیشنز میں ایک مضبوط ٹیم ہے۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف کارکردگی اس بات کا واضح ثبوت ہے۔