اُس کے پائوں تلے سے زمین کھسک گئی جب اُسے پتہ چلا کہ اُس کی سہیلی اتنی دُور اُس شخص سے شادی کرنے کی غرض سے آئی ہے، جو اس کا شوہر ہے ۔ اُس نے ہلکے سے اپنی سہیلی کے ہاتھوں کو اپنے ہاتھوں میں لیا اور کہا
’’ میں نہیں جانتی تھی کہ تم اُس سے اتنی محبت کرتی ہو …‘‘مگر وہ اُسے کچھ نہ کہہ سکی …
اس کی سہیلی خوشی سے پھولے نہیں سما رہی تھی۔ نظروں کو منفرد انداز سے گھماتے ہوئے بولی
’’ تمہیں معلوم ہے … وہ شادی شدہ ہے مگر ہماری محبت کی انتہا دیکھو !…وہ اپنی بیوی کو جلد ہی طلاق دے گا اور پھر مُجھ سے کیا ہوا وعدہ پُورا کرے گا ‘‘
یہ سنتے ہی چہرے پر مصنوعی مسکراہٹ لئے اُس نے اپنی سہیلی کے ہاتھ اپنی جانب کھینچے اور گویا ہوئی
’’کیا تمہیں پورا یقین ہے کہ وہ تمہارے ساتھ…‘‘
ہاں ہاں مجھے پورا یقین ہے ‘‘… اس کی سہیلی نے بات کاٹتے ہوئے اُتاولا جواب دیا
اپنے ہاتھ اُس کی گرفت سے چھڑاتے ہوئے بولی میں پرُ اُمید ہوں تم فکر نہ کروُ میری جان ‘‘ اور یہ کہتے ہوئے چلی گئی۔
وہ ساکن بیٹھی سوچتی رہی…’’ میری سہیلی کو تو پوری اُمید ہے مگر میں اُسے یہ کیسے بتائوں کہ وہ بد نصیب میں ہی ہوں اور …م م میں اُمید سے ہوں ‘‘
آنسوئوں کی دو گرم گرم بوندیں آنکھوں میں اُمڈ آئیں اور رخساروں پر ڈھلکتے ڈھلکتے رہ گئیں۔
���
ولی وار لار گاندربل
موبائل نمبر؛7006576629