اُردو زبان کا فروغ

 جموں//ریاست میں سرکاری زبان کو فروغ دینے کی ایک اہم کڑی کے طور پر حکومت نے اُردو زبان کو فروغ دینے کیلئے پہلی سٹیٹ کونسل تشکیل دی ہے۔اس حوالے سے اعلیٰ تعلیم محکمہ کے پرنسپل سیکرٹری ڈاکٹر اصغر حسن سامون کی طرف سے جاری ایک حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ کونسل کی سربراہی وزیر تعلیم کریں گے جبکہ کونسل کے غیر سرکاری ممبران میں پروفیسر حامدی کشمیری، پروفیسر محمدزماں آزردہ ، پروفیسر نذیر احمد ملک ، نور شاہ، پروفیسر احمد قدوس جاوید ، پروفیسر ظہور الدین ، ولی محمد اسیر، فاروق مختار ، خالد بشیر احمد اور جاوید آذر شامل ہیں۔کونسل کیلئے جن سرکاری ارکان کی تجویز رکھی گئی ہے ان میں ریاست جموں وکشمیر کی تمام مرکزی وریاستی یونیورسٹیوں کے وائس چانسلر ، خزانہ ، تعلیم ، کلچر اور قانون محکموں کے انتظامی سیکرٹری ، سیکرٹری کلچرل اکیڈیمی ، ڈائریکٹر سٹیٹ کونسل برائے فروغ اُردو زبان ، پرنسپل انفارمیشن آفیسر ،ڈائریکٹر کالجز ،کشمیر یونیورسٹی میں شعبہ اردو کے سربراہ ، جموں یونیورسٹی میں شعبہ اردو سربراہ ،ایم اے ایم کالج جموں ، جی ڈی سی پونچھ ، جی ڈی سی ڈوڈہ ، جی ڈی سی بارہمولہ، جی ڈی سی اننت ناگ ، امرسنگھ کالج سرینگر، جی ڈی سی لیہہ اور جی ڈی سی کرگل کے شعبہ اردو کے سربراہان شامل ہیں۔واضح رہے کہ اُردو زبان کو فروغ دینے کے حوالے سے سٹیٹ کونسل کی تشکیل کا اعلان وزیر خزانہ ڈاکٹر حسیب اے درابو نے ریاستی قانون سازیہ میں پچھلے مہینے اپنی بجٹ تقریر کے دوران کیا تھا۔ڈاکٹر درابو نے اس تقریر میں اُردو زبان کی اہمیت کو اُجاگر کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ زبان نہ صرف ریاست کی سرکاری زبان ہے بلکہ یہ تمام خطوں میں بولی جاتی ہے اور یہ برصغیر ہند جسے عرف عام میں گنگا جمنی تہذیب کہا جاتا ہے کے وسیع ثقافتی ورثے کی بھی عکاسی کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پچھلے برس بھی اس کونسل کی تشکیل کا اعلان کیا گیا تھامگر یہ وقت پر ممکن نہیں ہوسکا ۔ ڈاکٹر درابو نے تقریر میںکہا تھا کہ اس برس یہ کونسل بلا کسی تاخیر کے وجود میں لایا جائے گا اور اس مقصد کے لئے انہوں نے دو کروڑ روپے مختص رکھنے کی بھی تجویز رکھی تھی۔