اننت ناگ (اسلام آباد)//جنوبی قصبہ اننت ناگ کے اُترسو شانگس اچھہ بل علاقہ میںایک المناک واقعہ میں ٹرنچ کی صفائی کے دوران گیس کے اخراج سے ماں بیٹا سمیت چار افراد کی موت واقع ہوگئی جبکہ ایک اسپتال میں موت و حیات کی کشمکش میں مبتلا ہے۔مقامی لوگوں کے مطابق محمد مقبول خان گھر کے صحن میں موجود ٹرنچ کی صفائی کر رہا تھا کہ اس دوران مذکورہ شخص اچانک ٹرنچ میں گر گیا ،اس بیچ مقبول کی اہلیہ شمیمہ بیگم اپنے بیٹے سبزار احمد خان و2 پڑوسی نوجوانوں کے ہمراہ خاوند کو بچانے کے لئے ٹرنچ میں اُترے ،تاہم ٹرنچ میں اُترتے ہی سبھی افراد بے ہوش ہوگئے۔جوہنی واقع کی خبر علاقہ میں پھیلی تو لوگوں کی بڑی تعداد جائے موقعہ پر پہنچی اور سبھی افراد کو بے ہوشی کی حالت میں اُترسو پرائمری ہیلتھ سینٹر پہنچایا جہاں ڈاکٹروں نے4 افراد کو مردہ قرار دیا ،جبکہ محمد مقبول کو نازک حالت میں ضلع اسپتال اننت ناگ منتقل کیا گیا۔جہاں اُس کی حالت نازک بتائی جارہی ہے ۔مرنے والوں میں محمد مقبول کی اہلیہ شمیمہ بیگم ،اسکا بیٹا سبزار احمد خان اور دوبھائی زاہد احمد آہنگر و عمر احمد آہنگر پسران غلام محمد آہنگر شامل ہیں ۔ڈاکٹروں کے مطابق مذکورہ افراد کی موت ٹرنچ سے زہریلی گیس کے اخراج سے ہوئی ہے ۔جوہنی مہلوکین کی لاشیں آبائی گائوں لائی گئیں تویہاں کہرام مچ گیا،خواتین سینہ کوبی کرتے ہوئے گھروں سے باہر آئیں۔ بعد میں ہزاروں لوگوں کی موجودگی میں نم آنکھوں سے انہیں سپردخاک کیا گیا ۔
اُترسوشانگس اننت ناگ میں قیامت خیز واقعہ رونما
