اوڑی کے بیشتر دیہات مواصلاتی نظام سے محروم ، صارفین پریشان

 بارہمولہ//سرحدی قصبہ اوڑی میں لائن آف کنٹرول کے نزیک رہائش پذیر دیہات مواصلاتی نظام سے محروم ہیں ۔ ان دیہات میںاڈوسہ ،گوالتہ ،اشم ،درد کوٹ ،نوارنڈہ ،دلنجہ شادرا ،بانڈی سرائی اور کمل کوٹ شامل ہیں ۔ان بستیوں میں رہائش پذیر لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ مواصلاتی نظام نہ ہونے کی وجہ سے اُنہیں طرح طرح کی پریشانیاں درپیش ہیں ۔ ندیم عباسی نامی ایک شہری نے بتایا کہ وہ ایک ایسے دور میں مواصلاتی نظام سے محروم ہیں جب ٹیلیفون ،انٹرنیٹ اور موبائل سروس نے دنیا کو ایک گلوبل ولیج میں تبدیل کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اوڑی کی اِن سرحدی علاقوں کے متعدد لوگ مزدووری،نوکریوں اور تعلیم و تربیت کے سلسلے میں سرینگر،جموں اور بیرون ریاست رہائش اختیار کئے ہوئے ہیں بلکہ کچھ لوگ توبیرونی ممالک میں بھی قیام پذیر ہیں جنہیں اپنے عزیز واقارب کے ساتھ رابطہ کرنے میں انتہائی مشکلات درپیش ہیں۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ مواصلاتی کمپنیوں نے انہیں نظر انداز کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہاں کے لوگوں کیلئے بی ایس این ایل کے وِل فون خاصی اہمیت رکھتے تھے اور اُن پر ہی اکتفا کرتے تھے لیکن بدقسمتی سے بیس دن قبل وہ بھی بند ہوگئے ۔انہوں نے کہا کہ اگر چہ اس سلسلے میں کئی بار ضلع انتظامیہ کوآگاہ کیا گیا لیکن کوئی پیش رفت نہیں ہوئی ۔