اوڑی/اوڑی کمل کوٹ ،پونچھ اور کرشناگھاٹی سیکٹرو ںمیں ہند پاک افواج کے درمیان اتوار کوشدید گولہ باری کا تبادلہ شروع ہوا جو آخری اطلات ملنے تک جاری تھا۔گولہ باری کے دوران ایک خاتون سمیت چار افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔تفصیلات کے مطابق دونوں اطراف کی افواج نے ایک دوسرے کی اگلی چوکیوں کونشانہ بنایا جس دوران کئی مارٹر شل آبادی میں گرے۔معلوم ہوا ہے کہ اوڑی کمل کوٹ سیکٹرمیں بھارتی فوج نے چڑی میدانن کالگی میں توپ خانوں سے گولہ باری شروع کرکے پاکستانی چوکیوں کو نشانہ بنایا۔دونوں اطراف گولہ باری کے دوران کئی گولے کمل کوٹ اوڑی سیکٹر کی آبادی میں گرے جس کی وجہ ایک خاتون سمیت چار افراد زخمی ہوئے۔زخمی ہوئے افراد کی شناخت مینا بیگم زوجہ انور میر،اشتیاق احمد ولد مقبول احمد میر،ریاض احمد ولد صدر دین کھٹانہ اور محمد اینس ولد انور احمد ساکنہ کمل کوٹ کے بطور ہوئی ہے۔زخمی ہوئے افراد کو سب ضلع ہسپتال میں داخل کیا گیا۔بی ایم او اوڑی ڈاکٹرمحمد رمضان نے بتایا کہ اشتیاق احمد اور ریاض احمد کو مزید علاج کے لئے صورہ میڈیکل انسٹیچیوٹ سرینگر منتقل کیا گیا کیوں کہ انہیں زیادہ چوٹیں آئی تھیں۔اِسے قبل سنیچر اور اتوار کی درمیانی رات کو کمل کوٹ سیکٹر میں ہند پاک افوج کے درمیان کچھ وقت کے لئے گولہ باری تبادلہ ہو جس دوران محمد صادق بروال ولد بابر علی بروال ساکنہ شادارہ کمل کوٹ کا رہائشی مکان تبا ہ ہو گیا۔ہند پاک افوج کے درمیان شدید گولہ باری کا سلسلہ شروع ہوتے ہی کنٹرول لائن کے نزدیک دیہات میں رہنے والے لوگوں میں سخت خوف و ہراس پھیل گیا اور گھروں میں سہم کر رہ گئے۔ادھراگرچہ سنیچر کی شام کے بعد راجوری میں حد متارکہ پر خاموشی چھائی ہے تاہم پونچھ اور کرشناگھاٹی سیکٹرو ںمیں ہندوپاک افواج کے درمیان فائرنگ اور گولہ باری کا تبادلہ ہواہے ۔گزشتہ شام راجوری کے سندربنی سیکٹر میں ہوئی فائرنگ اور گولہ باری کے بعد ضلع راجوری میں کہیں پر بھی جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کا کوئی تازہ واقعہ رونمانہیںہوا ،البتہ اتوار کو پونچھ میں دوسیکٹروں میں کشیدگی دیکھی گئی ۔ذرائع نے بتایاکہ اتوار کی صبح پونچھ اور کرشنا گھاٹی سیکٹروں میں فائرنگ اور گولہ باری کا تبادلہ ہواجو کئی گھنٹوں تک جاری رہا۔سرکاری ذرائع نے بتایاکہ کرشنا گھاٹی سیکٹر میں صبح 4بج کر 30منٹ پر فائرنگ اور گولہ باری شروع ہوئی جو لگ بھگ تین گھنٹوں تک جاری رہی جس دوران چھوٹے اور خود کار ہتھیاروں کا استعمال کیاگیا۔اسی طرح سے پونچھ میں اتوار کی صبح سے شروع ہوئی فائرنگ اور گولہ باری لگ بھگ 11بجے تک جاری رہی ۔اس دوران کسی طرح کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ۔
اوڑی کمل کوٹ،پونچھ اور کرشناگھاٹی سیکٹر گرم، ہندپاک افواج کے درمیان فائرنگ
