اوڑی میں نقب زنی پولیس اہلکار کے گھر سے زیورات اڑالئے گئے

اوڑی// اوڑی میں نقب زنی کی مسلسل وارداتوں کی وجہ سے مقامی لوگوں میں سخت تشویش پایا جارہا ہے۔اتوار اور پیرکی درمیانی رات کو نقب زنوں نے بلال آباد گھرکوٹ میں ایک پولیس اہلکار پرویز احمد بڈو کے گھر سے 3 لاکھ کے زیورات اور نقدی 8 ہزار روپے کے علاوہ دیگر سامان اڑالیا ۔مذکورہ شہری کے گھر میں صرف دو خواتین موجود تھیں اور نقب زنوں نے کھڑکیاں توڑ کر یہ واردات انجام دی ہے۔ اسی طرح گزشتہ دنوں  نقب زنوں نے مین مارکٹ اوڑی میں میں دکانوں کے شیشے اور دیواریں توڑ کرتین دکانوں کے اندر داخل ہونے میں کامیاب ہوئے اوراشوک کمار ،محمد امین میر اور محمد حنیف کی دوکان سے سازوسامان اڑالیا۔ سلام آباد میں قائم رائل اسکل کمپیوٹر انسٹی چیوٹ کی کھڑکیاں توڑ کر نقب زنی کی واردات انجام دی گئی ۔یہاں چوروں نے کمپیوٹر اور دیگر سامان اڑالیا ہے۔ اس دوران اوڑی پولیس سوموار کو سلام آباد کمپیوٹر انسٹی چیوٹ کے نقب زنی واردات میں ملوث ایک شخص کو سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے گرفتار کر لیا۔ ایس ایچ او اوڑی طبریز احمد خان نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے انہوں نے تنویر احمد ٹھکری ساکن سلام آبادکو گرفتار کرلیا ہے اور اس کی تحویل سے 2 لیپ ٹاپ اور 3 موبائل فون برآمد کئے گئے۔