اوڑی میں بنگلہ دیشی شہری گرفتار

 اوڑی +گاندربل //فوج نے اوڑی میں ایک بنگلہ دیشی شہری کو بغیر پاسپورٹ حراست میں لیا۔ بڈگام میں ایک ملی ٹینٹ اور اسکے معاون کو گرفتار کیا گیا۔ تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ یہ بنگلہ دیشی شہری بغیر پاسپورٹ کے ہندوستان اور پھر کشمیر آیا تھا۔پولیس نے غیر ملکی شہری کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے اس کی شناخت ربیع الاسلام ولد محمد سلیم کے نام سے کی۔انہوں نے کہا کہ اس کے قبضے سے ایک جعلی آدھار کارڈ برآمد ہوا ہے۔اسکے خلاف فارن رجسٹریشن ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔پولیس نے کہا کہ غیر ملکی رجسٹریشن ایکٹ کی دفعہ 14-A کے تحت ایک ایف آئی آر نمبر 23/2022 پولیس اسٹیشن اوڑی میں درج کی گئی ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔ادھرپولیس نے بڈگام میں ایک سرگرم ملی ٹینٹ اور اسکے ایک معاون کو گرفتار کیا۔انکے قبضہ سے اسلحہ اور گولہ بارود سمیت مجرمانہ مواد برآمد کیا گیا۔پولیس نے بتایاکہ بڈگام کے ارتھ علاقے میں ملی ٹینٹوں کی موجودگی کے بارے میں مخصوص اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے، پولیس نے2آر آر کے ساتھ مل کر لشکر طیبہ کے ایک سرگرم جنگجو کو گرفتار کیا جس کی شناخت یاسر مشتاق ولد مشتاق احمد کے نام سے ہوئی ہے اور ایک اسکے ساتھی عرفان بشیر ولد بشیر احمد ڈار کو بھی حراست میں لیا گیا۔ دونوں کا تعلق اللہ پورہ بڈگام سے ہے۔ ان کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود سمیت 1 چینی دستی بم، 1 اے کے میگزین اور 30 اے کے راؤنڈ برآمد ہوئے۔ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ گرفتار جنگجو حال ہی میں دہشت گرد گروہوں میں شامل ہوئے تھے اور گرفتار جنگجو ساتھی اسے لاجسٹک سپورٹ فراہم کر رہا تھا۔ اسی مناسبت سے ایف آئی آر نمبر/2022 44 کے تحت قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت پولیس اسٹیشن بڈگام میں ایک مقدمہ درج کیا گیا ہے اور معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہے۔