اوڑی میں اے ٹی ایم مشین سے14لاکھ غائب

بارہ مولہ//جموں کشمیربینک اوڑی برانچ نے اپنے دوملازمین کوایک اے ٹی ایم مشین کے چودہ لاکھ روپے کے مبینہ بے جاتصرف کیلئے معطل کیا ہے۔ واقف کارحلقوں کے مطابق بینک گاہکوں کی اکثر یہ شکایت ہوتی تھی کہ اس اے ٹی ایم مشین سے ان کالین دین نہیں ہوتا ہے اور انہوں نے بینک حکام کو اس سلسلے میں خبرداربھی کیا تھا۔بینک اہلکاروں کو پہلے یہ یقین تھا کہ مشین میں کوئی تیکنیکی خرابی ہوگی لیکن جب انہوں نے مشین کی جانچ کی تواس میں چودہ لاکھ روپے کم پائے گئے۔بینک کے برانچ حکام نے پہلے دوملازمین کواپنے فرائض کی ادائیگی میں مبینہ لاپرواہی کیلئے معطل کیااور پولیس کوبھی مطلع کیا۔پولیس نے اس سلسلے میں بینک کے دوملازمین سمیت کئی افراد کو پوچھ تاچھ کیلئے حراست میں لیاہے۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ معاملے کی تحقیقات ہورہی ہے اور تفتیش مکمل ہوتے ہی تفصیلات جاری کی جائیں گی۔