اوڑی سڑک حادثہ | محکمہ جنگلات کے 2ملازم شدیدزخمی

اوڑی //اوڑی میں سڑک کے ایک حادثے میں محکمہ جنگلات کے دوملازم شدیدزخمی ہوئے۔تفصیلات کے مطابق بدھ کو محکمہ جنگلات کے دو فارسٹ گارڈاپنی موٹر سائیکل پر جارہے تھے کہ بونیاراوڑی کے مقام پراُنہیں حادثہ پیش آیااوردونوں شدیدزخمی ہوئے۔مقامی لوگوں نے اُنہیں فوری طور ابتدائی علاج کیلئے پرائمری ہیلتھ سینٹر بونیار پہنچایاجہاں سے اُنہیں مزیدعلاج کیلئے میڈیکل کالج بارہمولہ منتقل کیاگیاجہاں اُن کی حالت نازک ہونے کی بناپرانہیں سکمزصورہ ریفر کیاگیا۔ زخمی ملازموں کی شناخت 55برس کے غلام محمد درزی ساکن نادی ہل بانڈی پورہ اور32برس کے عرفان احمدشاہ ساکن جانبازپورہ بارہ مولہ کے طور ہوئی ہے ۔دونوں کی ڈیوٹی بونیارفارسٹ رینج میں ہے۔اس دوران ڈویژنل فارسٹ آفیسر جے وی ڈیویژن بارہمولہ پرویز احمد وانی نے  بلاک فارسٹ آفیسر نذیر احمد ڈار اور دیگر عملے کے ہمراہ صورہ میڈیکل انسٹیچوٹ جاکر حادثے میں زخمی ہونے والے ملازموں غلام محمد درزی اور عرفان احمد شاہ کی عیادت کی اور دونوں کی صحت سے متعلق ڈاکٹروں سے جانکاری حاصل کی۔ انہوں نے دونوں ملازمین کے حادثے میں زخمی ہونے پر اپنے گہرے دْکھ اور صدمے کا اظہار کرتے ہوئے ان کے اہل خانہ کو حوصلہ دیا اور انہیں یقین دلایا کہ محکمہ ان کے شانہ بہ شانہ کھڑا ہے اور مشکل کی اس گھڑی میں وہ ان کی ہر ممکن مدد کرے گا۔