اوڑی اور کرناہ کے کئی گائوں میں شدید ژالہ باری

بارہمولہ+کپوارہ // اوڑی اور کرناہ کے متعدددیہات میں جمعہ کو شدیدژالہ باری سے کھڑی فصلوں اور میوہ باغات کو سخت نقصان پہنچا۔اوڑی کے علاوہ گھر کوٹ ، نامبلہ ، بلکوٹ ، چرنڈ ہ بٹگراں ،تھاجل ،سلی کوٹ ،صورہ ،پاوڈاں اور تیلہ واری کے علاوہ کئی علاقوں میں جمعہ بعددوپہراچانک موسم نے کروٹ لی اور شدید ژالہ باری شروع ہوئی ،جو بیس منٹ تک جاری رہی ،جس نے پنیری، میوہ باغات ، ناشپاتی ،اخروٹ اور سبزیوں کے علاوہ کئی فصلوں کو تباہ کیا ، جس کی وجہ سے کسانوں میں تشویش پیداہوئی ۔ایک مقامی شہری سجاد احمد نے بتا یا کہ بیس منٹ تک جاری رہنے والی اس شدید ژالہ باری سے میوہ باغات اور دیگر فصلوں کو زبر دست نقصان ہوا ۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے زندگی میں پہلی بار اتنی شدید ژالہ باری دیکھی ہے جس سے کافی نقصان ہوا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم لیفٹینٹ گورنر انتظامیہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ ہنگامی بنیادوں پر متعلقہ علاقوںمیں ٹیم روانہ کر کے ژالہ باری سے میوہ باغات کوہوئے نقصا نات کا جائیزہ لیں،تاکہ متاثرین کو معا وضہ دیا جائے ۔ادھر کرناہ میںجمعہ کی شام زوردار آندھی سے بڑے پیمانے پر تباہی مچ گئی۔ متعدد رہائشی مکانوں کو شدید نقصان پہنچا،کئی مکانوں کی چھتیں اڑ گئیں، کھمبے اور درخت اکھڑ گئے۔رشید لطیف اور خورشید احمد ساکن چتر کوٹ کے مکانوں کی چھتیں بیٹھ گئیں۔کئی مقامات پر درخت اکھڑ گئے اور بجلی کے کھمبے اکھڑ گئے۔ادھر نامبلہ،بلکوٹ،گھرکوٹ،سلیکوٹ،سہرا،مہوتھل،ہتھلنگہ، تلہ واری، چرونڈا، بٹگراںتھجل، سیدان،اوڑی ٹائون اور دیگر علاقوں میں تیز ہوائیں چلیں اور مکانوں ، درختوں اور میوہ باغات کو شدید نقصان پہنچایا۔