اوڑی اورصفاپورہ میں نقب زنی کی وارداتیں

اوڑی+گاندربل// سرحدی قصبہ اوڑی کے گینگل علاقے میں اتور اور پیر کی درمیانی رات کو نقب زنوں نے نذیر احمد ولد علی حیدر لودی نامی شہری کے گھر سے 6لاکھ روپئے نقدی اور3لاکھ کے زیورات اڑالئے۔معلوم ہوا ہے کہ نذیر احمد کے گھر میں ایک روز قبل بیٹے کی شادی انجام دی گئی تھی۔اس سلسلے میں اوڑی پولیس نے کیس درج کر کے مزید کارروائی شروع کر دی ہے۔ادھر صفاپورہ گاندربل میں پچھلے ایک ہفتے سے چوری کی پے در پے وارداتیں پیش آنے سے مقامی آبادی میں خوف و ہراس پھیل گیاہے ۔صفاپورہ کے مقامی شہری منظور احمد کے مطابق پچھلے ایک ہفتے سے راتھر محلہ،گرٹہ بل اور حجام محلہ میں چوری کی کئی وارداتیں پیش آئی ہیں۔16 اور 17 جون کی درمیانی رات کو نقب زنوں نے حجام محلہ میں عبدالرشید حجام ولد غلام محمد کے رہائشی مکان کی کھڑی توڑ کرگھر میں موجود لاکھوں روپے مالیت کے زیورات اڑا لئے،جس کے بعد محمد یوسف حجام نامی شخص کے گھر میں داخل ہونے کی کوشش کی لیکن گھر والوں کے جاگنے کی وجہ سے وہ بھاگ گئے۔مقامی لوگوں نے پولیس تھانے میں شکایت درج کرائی ہے ۔