اونتی پورہ کے نزدیک بارودی سرنگ دھماکہ،فورسز گاڑی کو نقصان، 2زخمی،پلوامہ میں بارودی مواد ناکارہ

سید اعجاز
 

 ترال // اونتی پورہ کے نزدیک ملی ٹینٹوں کی جانب سے بارودی سرنگ کا زوردار دھماکہ کیا گیا جس کی زد میں آکر فورسز کی گاڑی کو نقصان پہنچا اور 2اہلکار زخمی ہوئے۔دھماکہ کے فوراً بعد سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا۔ادھر پلوامہ میں راجپورہ روڑ پرنصب کی گئی ایک آئی ای ڈی کو ناکارہ بنا یا گیا۔ادھرسرینگر اور کولگام میں 2ملی ٹینٹوں کی گرفتاری کا دعویٰ کیا گیا ہے۔پیر کی شام دیر گئے اونتی پورہ کے لارمو علاقے میں ملی ٹینٹوں نے سی آر پی ایف کی گاڑی پر دھماکہ خیز مواد سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں130بٹالین سی آر پی ایف کے 2 اہلکار زخمی ہوگئے۔انسپکٹر جنرل آف پولیس کشمیر وجے کمار نے بتایا کہ پولیس اور سی آر پی ایف کی ایک مشترکہ ٹیم دو بلٹ پروف بنکرنما گاڑیوں میں چرسو سے لاڑی یار کی طرف جارہی تھیں۔اس دوران ملی ٹینٹوں نے بارودی سرنگ کا دھماکہ کیا، جس سے سی آر پی ایف کے دو جوانوں کو معمولی چوٹیں آئیں۔ دھماکہ کے فوراً بعد بہت زوردار فائرنگ کا تبادلہ ہوا جو کافی دیر تک جاری رہا۔علاقے کو گھیرے میں لیکر تلاشی آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔ادھرسنٹرل پولیس ریزرو فورس (سی آر پی ایف) نے پیر کے روز  پلوامہ کے راج پورہ روڈ پر ایک دیسی ساختہ دھماکہ خیز مواد (آئی ای ڈی) کاسراغ لگایا۔ پولیس نے بتایا کہ ایک ڈبے میں نصب آئی ای ڈی کو ایک گشتی پارٹی نے دیکھا جسکے بعد بم ڈسپوزل اسکارڈ کو طلب کیا گیا جس نے اسے بغیر کسی نقصان کے ناکارہ بنا دیا۔ اس سلسلے میں مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

گرفتاریاں

پولیس نے سرینگر اور کولگام اضلاع سے دو ہائبرڈ جنگجوؤں کو اسلحہ اور گولہ بارود کے ساتھ گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔پولیس ترجمان نے بتایا کہ ایک مخصوص اطلاع پر پولیس اور 50آر آر نے نوگام، سرینگرسے موچھوا  بڈگام کے ملی ٹینٹ شیخ شاہد گلزار کو گرفتار کیا۔انہوں نے کہا کہ اس کے پاس سے پستول اور زندہ گولہ بارود سمیت مجرمانہ مواد برآمد ہوا ۔ اس ضمن میں متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ ادھرپولیس نے بتایا کہ ایک مخصوص اطلاع پر کولگام پولیس نے 34آر آر کے ساتھ مل کر لشکر طیبہ کے ایک جنگجو کو گرفتار کیا جس کی شناخت یامین یوسف بٹ ولد محمد یوسف بھٹ ساکن گڈیہامہ کے طور پر ہوئی ہے۔ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا کہ گرفتارملی ٹینٹ پاکستان میں مقیم عسکریت پسندوں کے ساتھ ساتھ تنظیم لشکر طیبہ کے مقامی عسکریت پسندوں سے رابطے میں تھا اور اسے عسکریت پسندی کے واقعے کو انجام دینے کا کام سونپا گیا تھا۔وہ ضلع کولگام میں عسکریت پسندوں کو پناہ گاہ، رسد اور دیگر مدد فراہم کرنے میں بھی شامل تھا جس میں اسلحہ/گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد کی نقل و حمل شامل تھی۔انکے قبضے سے ایک پستول، ایک پستول میگزین9ایم ایم کے 51راؤنڈز اور 2 دستی بم سمیت مجرمانہ مواد، اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے۔پولیس اسٹیشن کولگام میں متعلقہ دفعات کے تحت کیس درج کیا گیا ہے۔