اونتی پورہ میںچوروں کے خلاف پولیس کی کامیاب کارروائیاں | گاڑی چوروں کا گروہ بے نقاب،3گاڑیاں برآمد،3گرفتار

اونتی پورہ//اونتی پورہ پولیس نے چرائی گئی گاڑیوں کو فروخت کرنے کے الزام میں3افراد کی گرفتاری عمل میں لاکر کئی گاڑیوں کو ضبط کر لیا۔پولیس کو ایک مصدقہ اطلاع موصول ہوئی تھی کہ علاقے میں کم قیمتوں پر گاڑیاں فروخت کرنے والا ایک گروہ کام کر رہا ہے جو جموں و کشمیر سے باہر چرائی گئی گاڑیوں کو یہاں پر فروخت کرتے ہیں ۔اونتی پورہ پولیس نے اس سلسلے میں تحقیقات شروع کردی اورابتدائی تفتیش کے دوران اس بات کا انکشاف ہوا کہ اونتی پورہ میں کچھ افراد ایسی گاڑیاں سستے داموںپر صارفین کو فروخت کررہے ہیں۔ پولیس نے اس سلسلے میںتین افراد کی گرفتاری عمل میں لائی جن کی شناخت محمد شفیع ڈار، شمیم احمد بٹ اور عبدالرشید بٹ کے بطور کی ہے ۔ تینوں ضلع پلوامہ سے تعلق رکھتے ہیں۔پولیس بیان کے مطابق ان کے قبضے سے تین گاڑیاں، 1اسکارپیو ، 2 آلٹو)  (K10بھی برآمد ہوئی ہیں۔پولیس نے اس سلسلے میں اونتی پورہ تھانہ میں ایف آئی آر نمبر 188/2020 کے تحت کیس درج کیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ مذکورہ ملزم ان گاڑیوںپر جعلی نمبر پلیٹ لگاتے تھے جو کسی حقیقی شخص کے ساتھ رجسٹرڈ ہوتی تھی تاکہ قانون اور عام لوگوں کو گمراہ کیا جاسکے۔