سرینگر//حریت (گ) چیئرمین سید علی گیلانی، حریت (ع)اور مسلم لیگ نے رینزی پورہ اونتی پورہ کے معرکے میں مارے گئے عسکریت پسند اشفاق یوسف وانی کو خراج عقیدت ادا کیا ہے۔ گیلانی نے کہاکہ ’’ ہمارے معصوم نوجوان بھارت کے قبضے کے خلاف اپنی زندگیاں قربان کررہے ہیں اور ہم پر یہ فرض بنتا ہے کہ ہم ان قربانیوں کی ہر قیمت اور ہر صورت میں حفاظت کریں‘‘۔ انہوں نے کہا کہ اشفاق احمد کے والد محمد یوسف بھی 1996 میں بھارتی فوج کے ساتھ ایک معرکے میں مارے گئے ہیں۔ ادھر حریت (ع)ترجمان نے عسکری معرکہ کے دوران اشفاق احمد وانی کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ہندوستان کی ظلم و جبر سے عبارت پالیسیوں اور یہاں کی نوجوان نسل کو طاقت کے بل پر پشت بہ دیوار کرنے کے نتیجے میں نوجوان نسل عسکریت کا راستہ اختیار کرنے پر مجبور ہو رہی ہے ۔ ترجمان نے کہا کہ قربانیاں رواں تحریک کا قیمتی اثاثہ ہے اور اس اثاثے کی ہر صورت میں حفاظت کی جائیگی۔اس دوران مسلم لیگ سیکریٹری جنرل محمد رفیق گنائی ،منظور للہاری، اعجاز احمد اور عبدالرشید پر مشتمل وفد قوئیل پلوامہ گیا جہاں انھوں نے اشفاق احمد کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔
اونتی پورہ معرکہ:اشفاق یوسف وانی کو مزاحمتی جماعتوںکا خراج عقیدت
