اونتی پورہ سے پروازیں شروع کی جائیں

سرینگر//نیشنل کانفرنس رکن پارلیمان جسٹس (ر) حسنین مسعودی نے بدھ کو مرکزی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کیساتھ ملاقات کی اور اس دوران کئی عوامی مفاد کے حامل معاملات اُن کی نوٹس میں لائے۔ مسعودی نے وزیر موصوف پر زور دیا کہ وہ اننت ناگ میں قائم کشمیر یونیورسٹی سائوتھ کیمپس کیلئے 45 ایکڑ اراضی کی منتقلی کیلئے فوری اقدامات کریں تاکہ کیمپس میں تعلیمی سرگرمیاں احسن طریقے سے جاری رہیں اور دیگر شعبے بھی شروع کئے جاسکیں۔ انہوں نے وزیرِ موصوف سے یہ بھی کہا کہ اونتی پور ہوائی پٹی کو سول انتظامیہ کے حوالے کرنے کیلئے ضروری اقدامات کریں تاکہ جنوبی کشمیر سے جموں، دہلی اور اس کے بعد دیگر شہروں کے درمیان ابتدائی طور پر فضائی رابطہ قائم ہو سکے۔ انہوں نے وزیر موصوف کو اس بات کی جانکاری دی کہ سرینگر ہوائی اڈے کیلئے روزانہ تقریباً 82 پروازوں کو سنبھالنا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔ اونتی پور اور ملک کے باقی حصوں کے درمیان ہوائی رابطہ سے سرینگر ہوائی اڈے پر دباؤ کم ہوجائے گا اور پہلگام و دیگر سیاحتی مقامات پر سیاح آسانی سے پہنچ پائیں گے اور جنوبی کشمیرکے عام لوگوں کوبھی اس ائرپورٹ کے شروع ہونے سے کافی راحت فراہم ہوگی۔