اونتی پورہ اور بانہال میں سڑک حادثات | 1شہری لقمۂ اجل، 2زخمی

سرینگر+بانہال// ڈانگر پورہ اونتی پورہ کے نزدیک ایک تیزرفتار گاڑی نے ایک شخص کوٹکرمارکرزخمی کردیاجو بعد میں زخموں کی تاب نہ لاکرچل بسا جبکہ ڈرائیور موقعہ واردات سے فرارہوا۔ تفصیلات کے مطابق سنیچرواردو بجکر 10منٹ  پر ایک تیز رفتار سکارپیو گاڑی نے اونتی پورہ کے نزدیک 45سالہ شخص ماجدمیرولد ولی محمد ساکنہ ڈانگر پورہ اونتی پورہ کو ٹکر ماری جس کے نتیجے میں وہ شدید طورپر زخمی ہوا ،اگرچہ اسے اسپتال لیجانے کی پولیس نے کوشش کی،لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ چنانچہ پولیس نے معاملے کی نسبت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے۔ڈرائیور گاڑی سمیت فرار ہوا جسے ڈھونڈ نکالنے کیلئے پولیس نے بڑے پیمانے پر کارروائی شروع کی ہے۔ قانونی لوازمات پورے کرنے کے بعد میت وارثین کے حوالے کی گئی۔ادھر سڑک کے دو الگ الگ حادثوں میں کھڑی میں ٹاٹا موبائیل اور ڈولیگام بانہال میں ایک ڈمپر کے حادثے میں دو افراد زخمی ہوئے ۔ دونوں زخمی گاڑیوں کے ڈرائیور بتائے جاتے ہیں۔ دونوں کو فوری طور پر بانہال ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کا ابتدائی علاج چل رہا ہے۔