اونتی پورہ ، کولگام اور رعناواری میں منشیات ضبط

ترال//اونتی پورہ ، کولگام اور سرینگر میں پولیس نے الگ الگ کارروائیوںکے دوران منشیات ضبط کرکے 5سمگلرو ں کو گرفتار کرلیا۔ اونتی پورہ میں پولیس نے 16کلوگرام چرس برآمد کرکے 2 منشیات فروشوں کو گرفتار کرلیا۔ ٹول پلازہ اونتی پورہ کے نزدیک پولیس نے ناکہ بٹھایا تھا جس کے دوران ایک بی ایم ڈبلیو گاڑی زیر نمبر HR10R-0010  کو روک کر تلاشی لی گئی جس کے دوران 16.250 کلوگرام چرس برآمد کیاگیا۔ اس موقعہ پر پولیس نے محمد امین وانی ساکنہ پانتہ چھوک اور آصف احمد ریشی ساکنہ ترال کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے ایف آئی آر زیر نمبر17/2021 متعلقہ دفعات کے تحت درج کرکے تحقیقات شروع کی۔ ادھر میربازار چوک کولگام میں پولیس نے ایک سوفٹ ڈیزائر زیر نمبرPB10FS/6402کو رکنے کا اشارہ کیا تاہم ڈرائیور نے گاڑی کو تیزی سے آگے لے لیا۔پولیس نے گاڑی کا تعاقب کیا اور نیپورہ کراسنگ پر روک لیا اور جانباز احمد داس اور عمر امین ٹھوکر ساکنان بجبہاڑہ کو گرفتار کرکے ان کی تحویل سے 10کلوگرام بھنگ برآمد کی۔ اس دوران پولیس تھانہ رعناواری نے زندشاہ مسجد رعناواری کے قریب ناکہ لگایا جس کے دوران ایک گاڑی زیر نمبرJK01L/6924کو روک لیا۔ اس موقعہ پرلیس نے ریاض احمد شیخ ساکن کاٹھی دروازہ حال شنگلی پورہ سرینگر کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے 140گرام چرس اور نقدی 13,300روپے برآمد کئے۔ پولیس نے ایف آئی آر زیر نمبر3/21درج کرکے مذکورہ شہری کو گرفتار کرلیا۔