اومیکرون کااُٹھتا ہوا طوفان

 نیو یارک//اومیکرون کیسز بڑھنے پر عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں گر گئیں۔ برطانوی خام تیل کی قیمت میں 2 ڈالر فی بیرل کمی سے 71.52 ڈالر پر آ گئی۔امریکی خام تیل بھی 2.63 ڈالر سستا ہو گیا، قیمت68.23 ڈالر ریکارڈ کی گئی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق یورپ میں لاک ڈائون پر تیل کی قیمتوں میں مزید کمی کا امکان ہے۔جرمنی، سکاٹ لینڈ، آیئرلینڈ، نیدرلینڈز اور جنوبی کوریا کا شمار ان ممالک میں ہے جنہوں نے جزوی یا مکمل لاک ڈاؤن نافذ کر دیا ہے یا پھر سماجی فاصلہ رکھنے کی احتیاطی تدابیر کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔ ’اومی کرون‘کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے ایکسپو دبئی کی سرگرمیاں محدود کرتے ہوئے نئے ایس اوپیز جاری کردیئے گئے۔سکاٹ لینڈ میں حکومتی سربراہ نکلولا سٹرجن نے نئے سال کے موقع پر ایڈن برا میں منعقد ہونے والی تقریب منسوخ کردی ہے اور لوگوں کو فٹبال کے میچوں پر جانے سے روک دیا گیا ہے۔امریکہ میں بائیڈن انتظامیہ نے نیویارک میں کورونا وائرس کے ٹیسٹنگ سینٹر کھول دیے ہیں اور 50 کروڑ ریپڈ ٹیسٹ کٹس خریدی ہیں جو آن لائن مفت منگوا سکتے ہیں۔ اومی کرون کے باعث کورونا کیسز میں اضافے کے بعد سکاٹ لینڈ کے دارالحکومت ایڈن برگ میں مشہور زمانہ نیو ایئر پارٹی کو منسوخ کر دیا گیا ہے۔دنیا بھر سے ہزاروں سیاح ایڈن برگ میں ہونے والی ’ہوگمانے‘ نیو ایئر پارٹی میں شرکت کرتے ہیں جس میں ایڈن برگ محل کے اوپر آتش بازی کا مظاہرہ اور کنسرٹ ہوتا ہے۔