اومپورہ بڈگام میں’ کمسن بچی کو جاں بحق کرنے والے‘ تیندوے کو زندہ پکڑا گیا

بڈگام//وسطی ضلع بڈگام کے ضلع ترقیاتی کمشنر دفتر کے احاطے میں میں محکمہ جنگلی حیات کے حکام نے اومپورہ ہاوسنگ کالونی میں 4 سالہ بچی کو جاں بحق کرنے والے تیندوے کو گیارہ دن کے بعد زندہ پکڑلیا۔
محکمہ جنگلی حیات کے رینج آفیسر نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ تیندوے کو ضلع ترقیاتی کمشنر بڈگام کے احاطے کے قریب موجود نرسری میں دیکھا گیا تھا جس کے بعد پوری نرسری میں تلاشی تیز کردی گئی اور سخت کوششوں کے بعد تیندوے کو زندہ پکڑا گیا۔
اوم پورہ کی کمسن بچی کو تیندوے نے 3جون کے روزاٹھا کر لیا تھا اور اگلے روز اس کی لاش بر آمد ہوئی تھی۔
محکمہ جنگلی حیات کے ذرائع کے مطابق پکڑے گئے تیندوے کے قدموں کے نشان اُن نشانات سے میل کھاتے ہیں جنہیں بچی کی لاش کے پاس دیکھا گیا تھا جس سے یہ بات ثابت ہوجاتی ہے کہ آج پکڑے گئے تیندوے نے ہی معصوم بچی کو جاں بحق کیا تھا۔
مذکورہ ذرائع نے مزید کہا کہ تیندوے کی مکمل طبی جانچ کے بعد ہی تاہم مزید تفصیلات کا پتہ چل جائے گا۔