اولیائے کاملین کی عرس تقریبات

سرینگر//نیشنل کانفرنس صدرڈاکٹر فاروق عبداللہ نے حضرت سید جانباز ولیؒخانپورہ بارہمولہ کے سالانہ عرس پر لوگوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ حضرت جانباز ولیؒ ؒ کی تعلیم، سیرت ،روحانی اور علمی کمالات مشعل راہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ اولیائے کرام اور بزرگانِ دین کی درگاہیں اسلامی تہذیب و تمدن کے گہوارے ہیں۔ پارٹی کے رکن پارلیمان برائے شمالی زون محمد اکبر لون، سینئر لیڈر شریف الدین شارق، زون صدر جاوید احمد ڈار ، ضلع صدر ڈاکٹر سجاد شفیع، ضلع سکریٹری غلام حسن راہی، پارٹی لیڈر ایڈوکیٹ شاہد اور ایڈوکیٹ نیلوفر مسعود نے بھی اس سلسلے میں مبارکباد پیش کی ہے۔ادھر پارٹی نے حضرت شاہ اسرار الدین بغدادی ؒ کے سالانہ عرس پرعقیدتمندوں کیلئے بجلی،پانی، صحت وصفائی ، ٹرانسپورٹ اور غذائی اجناس سمیت تمام انتظامات دستیاب رکھنے کی اپیل کی۔ پارٹی کے زون صدر خطہ چناب سجاد احمد کچلو نے کہا کہ اِس بابرکت اور تاریخی و قدیم زیارتگاہ کے ساتھ صدیوں سے لوگوں کو عقیدت ہے اور حکومت کو چاہئے کہ زائرین کیلئے تمام سہولیات میسر رکھی جائیں۔ ادھرپارٹی کے سینئر لیڈر عرفان احمد شاہ نے حضرت شاہ نعمت اللہ قادریؒ نالبند پورہ صفا کدل کے عرس پرانتظامات بہم رکھنے کی اپیل کی ہے۔