اولڈ ٹائون اننت ناگ میں تانگہ بان زخمی

 اننت ناگ// اننت ناگ کے اولڈ ٹائون میں سڑکوں کی حالت ناگفتہ بہ ہونے کی وجہ سے لوگوں کو زبردست مشکلات کا سامنا ہے۔  انتظامیہ نے حال ہی میں قصبہ کے کئی محلوں میں ڈرینوں کی تعمیر کیلئے سڑکوں کی کھدائی کی لیکن ڈرینیج سسٹم مکمل ہونے کے باوجود سڑکوں کی سطح ہموار کرنے کا کام ادھورا چھوڑ دیا گیا جس کی وجہ سے لوگوں کو عبورومرور میں زبردست مشکلات کا سامنا ہے۔ بدھ کو کاڈی پورہ میں اُس وقت ایک تانگے کا پہیہ نکل آیااور تانگے بان نیچے گر کر زخمی ہوگیاجب وہ اس نا ہموار سڑک سے گزر رہا تھا تاہم مقامی لوگوں نے اُسے بچالیا۔ اس واقع کے خلاف علاقہ کے دکانداروں اور باشندوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا اور سڑک پر دھرنا دے دیا۔ اس موقع پر مقامی لوگوں نے متعلقہ محکمہ اور حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ سڑک کوفوراً ہموار کیا جائے تاکہ لوگوں کو پیش آرہے مشکلات سے نجات مل سکے۔