سرنکوٹ //اوقاف ایڈمنسٹریٹر پونچھ ریاض آتش نے کہاہے کہ وہ بغیر کسی سیاسی دبائو میں آئے اوقاف اراضی سے متعلق صحیح تصویر عوام کے سامنے پیش کریںگے اور اس بات کی کوشش کی جائے گی ناجائز قبضہ میں لی گئی اراضی کو واگزار کرکے اس جائیداد کو غریبوں ، ناداروں ، مسکینوں اور یتیموں کی فلاح و بہبود کیلئے استعمال کیاجائے ۔ڈاک بنگلہ سرنکوٹ میں معززین اور علماء سے ایک میٹنگ کے دوران خطاب کرتے ہوئے ریاض آتش نے کہاکہ پیر گلی زیارت کو پونچھ اوقاف کی تحویل میں لیاجائے گا اور ناجائز قبضہ والی اراضی کو جلد سے جلد واگزار کیاجائے گا۔ان کاکہناتھاکہ قبرستانوں کو بھی تحفظ دیاجائے گااور کسی کو بھی اس بات کی اجازت نہیں ہوگی کہ وہ اوقاف کی اراضی پر قبضہ کرے ۔انہوںنے کہاکہ وہ سرنکوٹ کے عوام سے تعاون کی اپیل کرتے ہیں تاکہ تحصیل میں موجود وقف اراضی کا مناسب استعمال کیاجاسکے ۔ریاض آتش نے کہاکہ وہ ہر جمعہ کو علماء سے میٹنگ کرکے اوقاف سے متعلق معاملات پر تبادلہ خیال کریںگے اوراوقاف کی جائیداد کو یتیم بچوں کی پڑھائی ، بیوہ خواتین کی مدد اور دیگر قسم کے سکولوں میں استعمال کیاجائے گا۔انہوںنے کہاکہ سب سے بڑی کوشش یہ رہے گی کہ اوقاف کی اراضی کو عوام کے سامنے لایاجائے تاکہ وہ بھی اس جائیداد کے بارے میں صحیح تصویر دیکھ سکیں ۔اس موقعہ پر نذیر احمد قریشی ،ایڈووکیٹ یاسر جنجوعہ ، مہتاب شاہ بخاری ، طارق منہاس ، مولانا مجید احمد ، نذیر پسوال ، قاضی لطیف وغیرہ بھی موجو دتھے ۔مقامی لوگوںنے اوقاف ایڈمنسٹریٹر کو تعاون دینے کا یقین دلاتے ہوئے کہاکہ اوقاف اراضی کو تحفظ دے کر اسے فلاح و بہبود کے کاموں میں استعمال لایاجانا وقت کی ضرورت ہے ۔اپنے دورے کے دوران ریاض آتش نے درہ شہید زیارت اور مساجد کادورہ بھی کیا جبکہ انہوںنے قبرستانوں کا جائزہ بھی لیا۔
اوقاف ایڈمنسٹریٹر کا دورہ ٔ سرنکوٹ
