اوقات کار میں نماز جمعہ کی اجازت نہیں: دہلی سرکار

  دہلی//دہلی سرکار نے دہلی اقلیتی کمیشن کو بتایا ہے کہ مسلم طبقہ سے تعلق رکھنے والے اساتذہ کو اوقات کار کے دوران جمعہ نماز کیلئے جانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ دہلی مینارٹی کمیشن چیئر مین ظفر الاسلام خان نے ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ دہلی سرکار کے محکمہ تعلیم نے ایک تحریری جواب میں واضح کیا ہے کہ مسلم اساتذہ کلاسیں چھوڑ کر جمعہ نماز پڑھنے کیلئے نہیں جا سکتے کیوں کہ اس سے طلاب کے مفادات کو زک پہنچتی ہے ۔ریاستی محکمہ تعلیم نے مزید وضاحت کی ہے کہ اساتذہ کیلئے ضوابط میں کسی قسم کی رعایت نہیں کی جاسکتی اور چونکہ کلاسیں ایک بجے لگتی ہیں اس لئے انہیں بہر حال 12:45پر اسکول پہنچنا ہوگا۔ اس سے قبل اساتذہ نے کمیشن سے اس بات کے لئے رجوع کیا تھا کہ انہیں نماز جمعہ کے لئے رعایت دی جائے۔