انگلینڈ اور پاکستان کے مابین دوسراٹیسٹ میچ آج سے شروع

ساؤتھمپٹن/انگلینڈ اور پاکستان کے مابین تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا دوسرا میچ آج سے ساوتھمپٹن کے روز باؤل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ پہلے میچ میں ہار کر جیتنے والی انگلینڈ کے پاس اب سیریز جیتنے کا موقع ہے ۔ اگر انگلش ٹیم دوسرا میچ بھی جیتتی ہے تو وہ 10 سال بعد پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز جیت جائے گی۔ اس وقت انگلینڈ اس سیریز میں 1-0 سے آگے ہے ۔اس میچ میں انگلینڈ کو اپنے آل راؤنڈر بین اسٹوکس اور بلے باز ڈین لارنس کی خدمات حاصل نہیں ہوں گی ، اسٹوکس اور لارنس خاندانی وجوہات کی بناء پر سیریز سے باہر ہوگئے ہیں۔ اسٹوکس نے پہلے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں صفر اور دوسرے اننگ میں 9 رنز بنائے تھے ۔ انہوں نے 2 وکٹیں بھی حاصل کی تھیں۔ان کی جگہ انگلش ٹیم پلیئنگ الیون میں ٹاپ آرڈر بیٹسمین جیک کرولی کو شامل کیا جاسکتا ہے ۔کرولی 6 ٹیسٹ میچوں میں اب تک 261 رنز بنا چکے ہیں۔ کرولی ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کے آخری میچ اور پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں نہیں کھیلے تھے ۔ اسٹوکس کو ان کی جگہ بطور بلے باز ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔اس سے قبل انگلینڈ کی ٹیم نے جولائی 2010 میں پاکستان کے خلاف 3-1 سے ہوم ٹیسٹ سیریز جیتی تھی۔ تب سے 10 سالوں میں دونوں کے درمیان 4 ٹیسٹ سیریز کھیلی گئیں۔ ان میں سے پاکستان نے 2012 اور 2015 میں دو سیریز جیتی تھیں جو یو اے ای میں منعقد کی گئیں۔ جبکہ انگلینڈ میں 2016 اور 2018 میں کھیلی جانے والی دونوں ٹیسٹ سیریز ڈرا ہوئی تھیں ۔انگلش ٹیم کا گھر پر 6 سال کا شاندار ریکارڈ ہے ۔ وہ کوئی ٹیسٹ سیریز نہیں ہاری ہے ۔ اس وقت کے دوران ٹیم نے 12 میں آٹھ دو طرفہ سیریز جیتی ہیں جبکہ 4 ڈرا کھیلی ہیں ۔ گذشتہ ماہ جولائی میں انگلینڈ نے ویسٹ انڈیز کو ہوم سیریز میں 2-1 سے شکست دی تھی۔ آخری بار انگلش ٹیم کو جون 2014 میں گھر میں سری لنکا نے 1-0 سے شکست دی تھی۔انگلینڈ پاکستان کے خلاف اب تک 84 میں سے 26 ٹیسٹ جیت چکا ہے ۔ اسے 21 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے جبکہ 37 میچ ڈرا ہوئے ہیں۔ اسی کے ساتھ ہی انگلش ٹیم نے گھر میں 54 میں سے 24 ٹیسٹ میں پاکستان کو شکست دی ہے ۔ انگلینڈ 12 میچوں میں ہارا جبکہ 18 ٹیسٹ ڈرا کھیلے گئے ۔دو طرفہ سیریز کے تعلق سے دونوں ٹیمیں اب تک 25 بار آمنے سامنے آچکی ہیں۔ اس دوران انگلینڈ نے 8 میں شکست کھاتے ہوئے 9 سیریز جیتی ہیں۔ 8 سیریز ڈرا کھیلی گئیں۔ اسی کے ساتھ ہی انگلینڈ نے گھر میں 15 میں سے 7 ٹیسٹ سیریز میں پاکستان کو شکست دی ہے ۔ ٹیم تین میں ہاری جبکہ سیریز میں 5 ڈرا ہوئیں۔ساؤتھمپٹن میں میچ کے دوران موسم ابر آلود رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے جبکہ پانچوں دن بارش کا امکان ہے ۔بارش کے سبب میچ نتیجہ خیز ثابت نہ ہونے کی صورت میں پاکستان کا سیریز میں فتح کا خواب ادھورا رہ جائے گا۔تفصیلات کے مطابق پاکستان کی جانب سے دہائیوں بعد انگلینڈ میں سیریز جیتنے کا خواب دیکھا جا رہا تھا، جو اب ممکنہ طور پر ادھوار ہی رہ جائے گا۔ روز باؤل کی پچ ہمیشہ اسپنرز کے لئے مددگار ثابت ہوتی ہے ۔ توقع ہے کہ تیز بولر کو بھی یہاں مدد ملے گی۔ یہاں آخری میچ ہندوستان اور انگلینڈ کے مابین ہوا تھا جس میں اسپنر معین علی نے 9 وکٹیں لی تھیں۔ یہاں جو ٹیم ٹاس جیتتی ہے وہ پہلے بیٹنگ کرنا پسند کرے گی۔ اس گراؤنڈ پر پہلے بیٹنگ کرنے والی ٹیم کی کامیابی کی شرح 50 فی صد ہے ۔انگلینڈ ٹیم کے کپتان جو روٹ نے کہا ہے کہ پاکستان کو پہلے ٹیسٹ میچ میں شکست دینے کے بعد ان کی ٹیم کے حوصلے بلند ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی ٹیم فارم میں ہے اور پاکستان کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں بھی شکست دیکر تین میچوں کی سیریز 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرے گی۔انگلینڈ کی ٹیم کے پاس آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں آسٹریلیا سے دوسری پوزیشن چھیننے کا سنہری موقع ہے اور اس مقصد کے حصول کے لئے میزبان ٹیم کو پاکستان کی ٹیم سے ایک ٹیسٹ میچ جیتنا ضروری ہوگا۔انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوران سرفراز احمد کو موقع دیا جا سکتا ہے ۔ جبکہ فواد عالم کو بھی حتمی 11 میں شامل کیے جانے کا امکان ہے ۔ٹیمیں :پاکستان: اظہر علی (کپتان) ، بابر اعظم (نائب کپتان) ، عابد علی ، اسد شفیق ، فہیم اشرف ، فواد عالم ، امام الحق ، عمران خان ، کاشف بھٹی ، محمد عباس ، محمد رضوان ، نسیم شاہ ، سرفراز احمد ، شاداب خان ، شاہین شاہ آفریدی ، شان مسعود ، سہیل خان ، عثمان شنواری ، وہاب ریاض اور یاسر شاہ۔انگلینڈ: جو روٹ (کپتان) ، جیمز اینڈرسن ، جوفرا آرچر ، ڈومینک بیس ، اسٹوارٹ براڈ ، روری برنز ، جوس بٹلر ، جیک کرولی ، سیم کرن ، اولی پوپ ، ڈوم سبلی ، کرس ووکس اور مارک ووڈ۔ریزرو پلیئرز: جیمز براسی ، بین فاکس اور جیک لیچ۔یو این آئی