انکم ٹیکس کے موضوع پر سمینار منعقد

سر ی نگر//چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرامنیم نے ٹیکس کی رقم جمع کرنے اور اس عمل میں شفافیت لانے کے لئے انکم ٹیکس محکمہ کی سراہنا کی ہے۔وہ انکم ٹیکس محکمہ کی جانب سے ٹی ڈی ایس / ٹی سی ایس سے متعلق جانکاری عام کرنے کے لئے منعقد کئے گئے ایک سمینار میں اپنے خیالات کا اِظہار کر رہے تھے۔اس موقعہ پر چیف کمشنر انکم ٹیکس مدھو مہاجن اور بِنے کمار جہا کے علاوہ پرنسپل سیکرٹری خزانہ نوین کمار چودھری کے علاوہ دیگر کئی حکام بھی موجود تھے۔بی وی آر سبھرامنیم نے کہا کہ کسی بھی حکومت کا م کاج ٹیکس کی بدولت چلایا جاتا ہے ۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ٹیکس ادا کرنے میں از خود پہل کریں۔چیف سیکرٹری نے کہا کہ ٹیکس کی رقومات سے لوگوں کی بہبودی سے متعلق منصوبے عملائے جاتے ہیں اور ترقیاتی کام بھی عمل میںلائے جاتے ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ ٹی ڈی ایس کی مدد سے ٹیکس ادا کرنے والوں کی ایک بڑی تعداد سے ٹیکس وصول کیا جاتا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ ٹیکس جمع کرنے کے عمل میں ٹیکنالوجی کے استعمال سے کافی شفافیت آئی ہے ۔چیف سیکرٹری نے ٹیکس اور ٹی ڈی سی سے متعلق جانکاری عام کرنے کے لئے انکم ٹیکس محکمہ کی کاوشوں کی ستائش کی۔