نئی دہلی//بیڈمنٹن ایسوسی ایشن آف انڈیا (بی اے آئی) کے زیر اہتمام یونیکس سن رائز انڈیا اوپن 2022 اس ماہ 11 جنوری سے شروع ہو رہا ہے۔ یہ ٹورنامنٹ 16 جنوری تک نئی دہلی کے اندرا گاندھی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے کھلاڑی نئی دہلی پہنچنا شروع ہو گئے ہیں۔ کورونا کے پیش نظر دنیا کے ٹاپ 25 میں آنے والے غیر ملکی کھلاڑیوں کے ساتھ ہندوستانی کھلاڑی بھی اسی ہوٹل میں قیام کریں گے۔ تاہم، انگلینڈ نے کووڈ-19 کی وجہ سے دو دن پہلے ٹورنامنٹ سے دستبرداری اختیار کر لی ہے۔ سبھی کھلاڑی پروٹوکول کے مطابق دہلی پہنچنے سے ہی ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کریں گے۔ ہوٹل میں روزانہ ان کا ٹیسٹ کیا جائے گا۔ انہیں شٹل بسوں کے ذریعے اسٹیڈیم لایا جائے گا اور میچ کھیلنے کے بعد ہوٹل واپس بھیج دیا جائے گا۔بی اے آئی نے ٹویٹ کیا ’’انگلینڈ کی ٹیم دو دن پہلے ہی ٹورنامنٹ سے ہٹ گئی تھیاور اس کے کھلاڑی یہاں ہندوستان میں نہیں ہیں‘‘۔ سبھی کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ ٹورنامنٹ میں شامل ہونیت والے میچ افسران، بی ڈبلیو ایف اور بی اے آئی افسر، سپورٹ اسٹاف، وینڈرز اور دیگر افراد کو ہر روز اسٹیڈیم کے باہر لازمی کووڈ ٹیسٹ کرانا ہو گا اور ٹیسٹ منفی آنے کے بعد ہی انہیں اندر جانے کی اجازت دی جائے گی۔ اہلکار نے کہا کہ بی اے آئی کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ مقابلے میں حصہ لینے والے دیگر افراد کی حفاظت سے کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا اور حکومت کی طرف سے جاری کردہ تمام کووڈ۔ 19 رہنما خطوط پر عمل کرے گا۔ میڈیا اور شائقین کو انعقاد کے مقام کے اندر جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بی اے آئی اپنے ای میل پر میڈیا کے ساتھ انٹرویو کا درخواست فارم شیئر کرے گا اور کھلاڑیوں کی دستیابی کی بنیاد پر ان کے ورچوئل انٹرویوز کیے جائیں گے جس کے لیے میڈیا کو پیشگی اطلاع دی جائے گی۔ تصاویر کے لیے، بی اے آئی میڈیا ٹیم میڈیا کے ساتھ گوگل ڈرائیو کا لنک شیئر کرے گی، جس پر وہ ٹورنامنٹ سے متعلق تمام ہائی ریزولوشن تصاویر اپ لوڈ کر سکیں گے، ان تصاویر کا استعمال میڈیا کی جانب سے بیڈمنٹن ایسوسی ایشن آف انڈیا کو کریڈٹ دے کر کیا جا سکتا ہے۔