کوئنس ٹاؤن// شبھن گل (86)اور ابھیشیک شرما (50)کی نصف سنچریوں کے بعد بہترین گیند بازی کی بدولت انڈیا انڈر۔19نے جمعہ کو بنگلہ دیش کے خلاف جیت حاصل کرتے ہوئے آئی سی سی انڈر۔19کرکٹ عالمی کپ کے سیمی فائنل میں قدم رکھا جہاں اس کا مقابلہ روایتی حریف پاکستان سے ہوگا۔پنجاب کی انڈر۔14 ٹیم کے ساتھی شبھن اور ابھیشیک نے میدان پر بھی اپنی دوستی کا مظاہرہ کیا اور ہندوستان کو بنگلہ دیش کے خلاف کوارٹر فائنل مقابلے میں 131 رن کے بڑے فرق سے فتح دلادی۔اب ہندوستان کی نوعمر ٹیم 30 جنوری کو فائنل میں جگہ بنانے کے لئے پاکستان سے سیمی فائنل میں مقابلہ کرے گی۔ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرتے ہوئے انڈیا انڈر۔19 ٹیم مقرر پچاس اوور تک نہیں کھیل سکی اور 2ء49 اوور میں 265 رن پر ہی آل آؤٹ ہوگئی۔ لیکن بنگلہ دیش کے سامنے اس نے ایک مشکل ہدف رکھا جس کا تعاقب کرتے ہوئے وہ 1ء42 اوور میں سبھی وکٹ گنواکر صرف 134 رن پر سمٹ گئی۔بنگلہ دیش کو سستے آؤٹ کرانے میں ہندوستانی گیندبازوں نے اہم رول ادا کیا اور کملیش ناگر کوٹی 18 رن پر تین وکٹ لے کر سب سے کامیاب گیند باز رہے ۔شیوم ماوی نے 27 رن اور ابھیشیک شرما نے گیارہ رن پر دو۔دو وکٹ لئے جبکہ انوکل رائے کو 14 رن کے عوض ایک وکٹ ملا۔گروپ بی کی چوٹی کی ٹیم ہندوستان نے ناقابل تسخیر رہتے ہوئے کوارٹر فائنل میں قدم رکھا تھا اور اپنی جیت کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے اس نے بنگلہ دیش کے خلاف بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا۔کپتان اور سلامی بلے باز پرتھوی شاہ نے شبھن گل کے ساتھ دوسرے وکٹ کے لئے 86 رن کی اہم شراکت نبھائی۔ پرتھوی نے پانچ چوکوں کی مدد سے 54 گیندوں پر چالیس جبکہ شبھن نے نو چوکوں کی مدد سے 94 گیندوں پر 86 رن کی اننگز کھیلی۔حالانکہ ٹورنامنٹ میں یہ پہلا موقع تھا جب ہندوستانی بلے بازوں کا امتحان ہوا۔ مڈل آرڈر کو بھی رن بنانے میں دقت ہوئی اور بیس سے چالیس اوور کے درمیان اس کے بلے باز صرف تین چوکے لگاسکے ۔صرف ابھیشیک نے بنگلہ دیشی گیندبازوں کے سامنے ہمت کا مظاہرہ کرتے ہوئے فائنل اوور میں جاکر انچاس گیندوں میں اپنے پچاس رن پورے کئے ۔
انڈر 19 ورلڈ کپ
