نارتھ ساؤنڈ/انگلینڈ نے جارج تھامس (50)، جارج بیل (ناٹ آؤٹ 56) اور ایلکس ہارٹن (ناٹ آؤٹ 53) کی شاندار نصف سنچریوں اور لیگ اسپنر ریحان احمد (41 رنز دے کر 4 وکٹ) کی مہلک گیند بازی سے افغانستان کو ڈک ورتھ لوئس اصول کے تحت 15 رنز سے شکست دینے کے بعد انڈر 19 ورلڈ کپ کے فائنل میں جگہ بنالی۔اس کے ساتھ ہی افغانستان کا پہلی بار آئی سی سی ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچنے کا خواب چکنا چور ہوگیا۔ انگلینڈ کی ٹیم 24 سال بعد انڈر 19 ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچی ہے ۔ منگل کو کھیلے گئے سیمی فائنل میں بارش کی وجہ سے میچ کو 47-47 اوورز تک کم کرنا پڑا۔ انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 47 اوورز میں 6 وکٹوں پر 231 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں افغانستان کی ٹیم 9 وکٹوں پر 215 رنز ہی بنا سکی۔ اب فائنل میں انگلینڈ کا مقابلہ آسٹریلیا اور ہندوستان کے درمیان دوسرے سیمی فائنل کے فاتح سے ہوگا۔افغانستان کی ٹیم پہلی بار سیمی فائنل میں پہنچی تھی اور اسے ناتجربہ کاری کا خمیازہ بھگتنا پڑا۔ اس میچ میں انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کی تھی اور ایک موقع پر افغانستان نے انگلینڈ کی 6 وکٹیں 131 رنز پر گرا دی تھیں، ایسا لگ رہا تھا کہ افغانستان کی ٹیم تاریخ رقم کرنے میں کامیاب ہو جائے گی، لیکن افغانستان کی ٹیم ایسا نہ کر سکی۔ آخری 12 اوورز میں افغانستان کی بالنگ بہت خراب رہی۔ ان کے گیند بازوں نے 95 رنز دئیے ۔ اس ایک غلطی نے ٹیم کو ڈھانپ دیا اور 6 وکٹیں گنوانے کے باوجود انگلینڈ نے 231 رنز کا چیلنجنگ اسکور بنایا۔انگلینڈ کے لیے ان کے اوپنر جارج تھامس نے شاندار نصف سنچری بنائی۔ تاہم ان کے علاوہ ٹاپ آرڈر میں کوئی اور بلے باز 20 رنز کا ہندسہ بھی نہ چھو سکا۔ لیکن مڈل آرڈر میں جارج بیل نے 67 گیندوں پر ناقابل شکست 56 اور ہارٹن نے 36 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 53 رنز بنا کر انگلینڈ کو 47 اوورز میں 231 رنز تک پہنچا دیا۔انگلینڈ کی جانب سے ہدف کا تعاقب کرنے والی افغانستان کی ٹیم کا آغاز اچھا نہیں رہا۔ ٹیم کی پہلی وکٹ تیسری گیند پر ہی گری۔ اس کے بعد اسکور بورڈ پر صرف ایک رن کا اضافہ ہوا۔ تاہم اس کے بعد افغان بلے بازوں نے دوسری وکٹ کے لیے 93 رنز جوڑے اور انگلینڈ کے کیمپ میں خوف و ہراس پھیلا دیا۔ لیکن 94 رنز کے اسکور پر محمد اسحاق (43) کے رن آؤٹ ہونے کے بعد افغانستان نے تیزی سے مزید دو وکٹیں گنوادیں اور ٹیم کا اسکور 4 وکٹوں کے نقصان پر 106 رنز ہوگیا۔ تاہم بلے بازوں نے پانچویں وکٹ کے لیے نصف سنچری شراکت بنا کر افغانستان کی ٹیم کو میچ میں واپس لادیا۔انگلینڈ کے لیگ اسپنر ریحان احمد نے چار وکٹیں لے کر انگلینڈ کو فائنل میں پہنچانے کے لیے افغانستان کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔(یواین آئی)
انڈر- 19ورلڈ کپ
