انٹر نیشنل یوتھ ڈے پر نوشہرہ کالج میں پروگرام کا انعقاد

رمیش کیسر

نوشہرہ // میری مٹی، میرا دیش مہم کے تحت جی ڈی سی نوشہرہ کے ریڈ ربن کلب نے جے اینڈ کے ایڈز کنٹرول سوسائٹی، ہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ اور جے اینڈ کے ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے اشتراک سے انٹرنیشنل یوتھ ڈے 2023 منایا۔ پروگرام کا آغاز ریڈ ربن کلب کی نوڈل آفیسر پروفیسر پوجا دیوی کے خطبہ استقبالیہ اور تعارفی تقریر سے ہوا۔ انہوں نے ہر سال نوجوانوں کا عالمی دن منانے کی تاریخ اور اہمیت پر روشنی ڈالی۔ پروفیسر پوجا نے طلباء کو بین الاقوامی یوتھ ڈے کے موضوع کی وضاحت کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ ماحولیات کے لحاظ سے پائیدار اور آب و ہوا کے موافق دنیا کی طرف تبدیلی بہت اہم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پائیدار ترقی کے اہداف کو حاصل کرنے اور سرسبز دنیا کی طرف کامیاب منتقلی کے لئے نوجوانوں کی آگاہی اور بااختیار بنانا ضروری ہے۔ کالج کی سطح پر ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں 15 طلباء نے گرین سکلز کو فروغ دینے کے لئے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ شرکاء کو تعریفی اسناد سے نوازا گیا۔ سمارٹ کلاس روم میں تقریباً 90 طلباء اور عملے کے ارکان نے پروگرام میں شرکت کی اور ایک پائیدار کل کے لئے سبز مہارتوں کو اپنانے اور فروغ دینے کا عہد لیا۔