انوار الحق کاکڑپاکستان کے نگران وزیراعظم نامزد

یو این آئی
اسلام آباد//بلوچستان عوامی پارٹی کے سینیٹر انوار الحق کاکڑ نگران وزیر اعظم ہوں گے ، شہباز شریف اور راجہ ریاض کے درمیان ان کے نام پر اتفاق کے بعد بھیجی گئی سمری پر صدر مملکت عارف علوی نے بھی دستخط کردیے ہیں۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے انوار الحق کاکڑ کی بطور نگران وزیراعظم تعیناتی کی منظوری دے دی۔اس میں مزید بتایا گیا کہ صدر مملکت نے تعیناتی کی منظوری آئین کے آرٹیکل 224 ایک اے کے تحت دی ہے ۔قبل ازیں، سرکاری نشریاتی ادارے پاکستان ٹیلی ویژن کے مطابق وزیرِ اعظم اور قائد حزب اختلاف نے مشترکہ طور پر دستخط کرکے ایڈوائس صدر پاکستان کو بھجوا دی ہے ۔وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ ملاقات کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے راجہ ریاض کا کہنا تھا کہ پہلے ہم متفق ہوئے کہ جو بھی وزیراعظم ہو، وہ چھوٹے صوبے سے ہو، تاکہ چھوٹے صوبے کو جو محرومی ہے ، وہ دور ہو اور ایسا نام ہو، جو غیرمتنازع ہو، کسی سیاسی جماعت سے نہ ہو۔انہوں نے کہا کہ ہمارا اتفاق انوار الحق کاکڑ کے نام پر اتفاق ہوا ہے ، انوار الحق کاکڑ وزیراعظم ہوں گے ۔