عارف بلوچ
اننت ناگ // ضلع اننت ناگ میں سڑک کے ایک دلدوز حادثے میں 5 سالہ بچہ اسکول بس کی زد میں آکرلقمہ اجل بن گیا ۔ضلع کے داؤد پورہ براہ علاقے میں بدھ کی صبح اس وقت صف ماتم بچھ گئی جب یہاں ایس ٹی لیوکس نجی اسکول کی بس نے 5 سالہ تمیم اقبال ولد محمد اقبال بٹ نامی بچے کو زد میں لایا جس کے باعث بچے کی موت واقع ہوئی۔ اسکول بس ڈیتھو سے اننت ناگ کی طرف جارہی تھی جس دوران یہ حادثہ پیش آگیا۔مقامی لوگوں نے الزام لگایا کہ حادثے کا سبب ڈرائیور کی تیز رفتاری تھی۔پولیس نے معاملے کی نسبت کیس درج کرکے ڈرائیور کو گرفتار کیا ہے۔ادھرپہلگام سے سرینگر جا رہی ایک منی بس زیر نمبر/4443 JK01L چینی وڈر، سری گفوارہ علاقے میں مبینہ طور پر ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر حادثے کا شکار ہو گئی۔ جس کے باعث منی بس میں سوار 6 سیاح زخمی ہو گئے جنہیں فوری طور پر علاج معالجے کیلئے سب ڈسڑکٹ اسپتال بجبہاڑہ منتقل کیا گیا۔ زخمی ہونے والے سبھی سیاح ریاست مہاراشٹرا کے پونے شہر سے تعلق رکھتے ہیں۔ زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔