اننت ناگ میں گرینیڈ کی موجودگی سے سنسنی

سرینگر// اننت ناگ میں اُس وقت سراسمیگی پھیل گئی جب وہاں سر راہ ایک قابل استعمال گرینیڈ پایا گیا جسے بعد میں پولیس کے بم ڈسپوزل اسکارڈ نے ناکارہ بنایا۔تفصیلات کے مطابق اننت ناگ کے مہندی کدل علاقے میں منگل کی صبح کچھ راہ چلتے لوگوں نے اسٹیڈیم کے نزدیک ایک ہتھ گولہ سڑک پر دیکھا اور فوری طور پولیس کو اطلاع دی۔پولیس کی ایک ٹیم بم ڈسپوزل اسکارڈ کے ہمراہ فوری طور جائے واردات پر پہنچ گئی۔اس موقعے پر آس پاس کے علاقوں کو بھی گھیرے میں لیا گیا اور علاقے میں موجود لوگوں کو محفوظ مقامات کی طرف منتقل کیا گیا۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ سڑک پر موجود گرینیڈ قابل اسپتال تھا اور بم ڈسپوزل اسکارڈ سے وابستہ اہلکاروں نے پیشہ وارانہ مہارت کو بروئے کار لاتے ہوئے گرینیڈ کو حفاظت کے ساتھ ناکارہ بنایا۔اس موقعے پر گاڑیوں کی آمدورفت بھی کچھ دیر کیلئے معطل رہی، تاہم بعد میں حالات معمول پر آگئے۔پولیس اس بات کا پتہ لگانے کی کوشش کررہی ہے کہ گرینیڈ کیسے اس جگہ پر موجود تھا؟اس سلسلے میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔