اننت ناگ میں طبی عملہ غیر حاضر

اننت ناگ //عارف بلوچ //گورنمنٹ میڈیکل کالج اننت ناگ میں چند ڈاکٹروں کے ڈیوٹی سے غیر حاضر رہنے کی خبر موصول ہونے کے بعد ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ ڈاکٹر پیوش سنگلا نے نوٹس لیتے ہوئے جی ایم سی کے پرنسپل کو ڈاکٹروں اور نیم طبی عملہ کی حاضری اور روسٹر کی کڑی نگرانی کرنے کی ہدایت دی ہے۔ضلع کمشنر نے پرنسپل سے کہا کہ وہ ڈاکٹروں اور دیگر طبی عملہ کے پابندی سے اپنے فرائض انجام دینے اور ڈیوٹی روسٹر پر ہر حال میں عمل کرنے کو یقینی بنائیں اور حاضری کو ضلع ترقیاتی کمشنر کے دفتر روزانہ  روانہ کریں۔ڈی سی کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اننت ناگ غلام حسن شیخ اور تحصیلدار اننت ناگ کی زیر قیادت افسران کی ایک ٹیم نے جی ایم سی کا دورہ کرکے حاضری کی جانچ پڑتال کی۔معاملہ کی نسبت بات کرتے ہوئے ضلع ترقیاتی کمشنر نے کہا کہ وبائی صورتحال کے مدنظر ڈاکٹرس، نیم طبی عملہ سمیت تمام اسٹاف کو پابندی سے اپنے فرائض انجام دینے چاہیے۔