اننت ناگ میں جیت کانڈو چمپئن شپ

اننت ناگ//یو این آئی//  جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں منعقدہ سہ روزہ جیت کانڈو مارشل آرٹس چمپئن شپ میں زائد از 700 طلباء وطالبات نے شرکت کی۔ ضلع سطح کے اس ٹورنامنٹ کا اہتمام ضلع اننت ناگ جیت کانڈو ایسوسی ایشن اور جموں کشمیر اکیڈمی آف یونیفائڈ مارشل آرٹس نے آکسفورڈ پرزنٹیشن اسکول اننت ناگ میں 3 سے 5 مئی تک کیا۔ کئی نامور کھلاڑیوں جنہوں نے جموں کشمیر اور ملک کی قومی وبین الاقوامی سطح پر نمائندگی کی ہے ، نے چمپئن شپ کی اختتامی تقریب پر اپنے ہنر کے مظاہرے سے سامعین کو مسحور کیا۔ اس موقعہ پر مہمان ذی وقار کی حیثیت سے موجود ضلع مجسٹریٹ اننت ناگ خالد جہانگیر نے چمپئن شپ کے منتظمین کی سراہنا کرتے ہوئے کہا 'میں منتظمین کو ایسے دلچسپ پروگراموں کا انعقاد کرنے پر مبارک باد پیش کرتا ہوں میں انہیں نصیحت کرتا ہوں کہ وہ محنت ولگن کے ساتھ کام کریں تاکہ ہمارے کھلاڑی نہ صرف اننت ناگ بلکہ پوری ریاست کا نام روشن کرسکیں'۔ انہوں نے کہا کہ ضلع انتظامیہ انہیں ہر ممکن حمایت و مدد فراہم کرے گی۔ جموں کشمیر اکیڈمی آف یونیفائڈ مارشل آرٹس کے سیکریٹری برائے جنوبی بلاک عاقب مجید نے کہا کہ خدا کے فضل وکرم سے ہم کئی مشکلات ومسائل کے باوجود پہلی جیت کانڈو چمپئن شپ منعقد کرانے میں کامیاب ہوئے ہم اپنے تمام سپانسروں گوڈ ویل ایسوسیٹز، ویسٹیج، عارف انٹرپرائزز، ماک پلے بورڑ، ٹائٹن سپوورٹس کلب کے مشکور ہیں کہ جنہوں نے ہماری ہر ممکن مدد کی۔ انہوں نے کہا کہ ضلع اننت ناگ میں پہلی دفعہ اس نوعیت کی جیت کانڈو مارشل آرٹس چمپئین شپ منعقد ہوئی ہے ۔عاقب مجید نے کہا کہ اس ضلع سطحی چمپئن شپ میں منتخب ہوئے کھلاڑی ریاستی سطح کی چمپئن شپ میں کھیلیں گے ۔