اننت ناگ میں جعلی شیڈول ٹرائب اسنادکی اجرائی کاپردہ فاش

اننت ناگ//ضلع انتظامیہ اننت ناگ نے یہاں جعلی شیڈول ٹرائب اسناد کاگروہ بے نقاب کیا۔سرکاری ذرائع کے مطابق متعددافراد اوراداروں نے جعلی شیڈول ٹرائب سرٹیفیکیٹس اننت ناگ میں اجراء کرنے کی شکایات کی تھیں۔کئی قبائلی بہبودی گروپوں نے اس پر اپنی ناراضگی کااظہار کیاتھاکیوں کہ شیڈول ٹرائب اسامیوں پر غیرمستحق افراد کو تعینات کیاجاتا تھا۔یہ شکایات زیادہ تحصیل شانگس سے آرہی تھیںجہاں اسنادغیرقبائلی لوگوں کو فراہم کی گئیں تھی۔انتظامیہ نے اطلاعات کی بناپر ایک آپریشن شروع کیا۔ایک شخص نے ملزم سے شیڈول ٹرائب سند کیلئے رجوع کیا۔مصدقہ اطلاع ہونے کی بناپرضلع انتظامیہ نے پولیس کے اشتراک سے  محکمہ مال کے حکام کی ٹیم تشکیل دی.۔اورانہوں نے ملزم کے احاطے پرچھاپہ ڈالا۔چھاپے کے دوران ملزم کوپکڑاگیااورقابل اعتراض اشیاء اور دستاویزات اس کی تحویل سے برآمد کئے گئے ۔کچھ نقلی سوشل کاسٹ سرٹیفیکیٹس بھی برآمد ہوئی ۔پورے آپریشن کی نگرانی ڈپٹی کمشنراننت ناگ کررہے تھے۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ شیدول ٹرائب اسنادمختلف اسکیموں اور اسکالرشپ اسکیموں اور نوکریوں سے استفادہ حاصل کرنے کیلئے لازمی ہیں۔ پولیس نے کیس رجسٹر کرکے معاملے کی مزیدتحقیقات شروع کی ہے۔