سری نگر//جنوبی ضلع اننت ناگ کے ہالن ویری ناگ اور تلوانی باغات میں محکمہ وائلڈ لائف کے اہلکاروں نے ریچھ اور تیندوے کو پکڑ کر وائلڈ لائف سنچری منتقل کیا ہے۔
محکمہ وائلڈ لائف کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ ’مقامی لوگوں کی جانب سے جنگلی جانوروں کی موجودگی کی اطلاع موصول ہونے کے بعد کنٹرول روم اہر بل نے تلوانی میں آپریشن شروع کیا‘ ۔
انہوں نے کہا کہ جی توڑ مشقت کے بعد وائلڈ لائف ٹیم نے تیندوے کو پکڑنے میں کامیابی حاصل کی ۔
علاوہ ازیں ہالن وہری ناگ میں بھی ایک بھاری برکم ریچھ کو محکمہ جنگلی حیات سے وابستہ اہلکاروں نے قابو کیا۔
قابل ذکر ہے کہ وادی کشمیر میں جنگلی جانوروں کا آبادی والے علاقوں میں گھومنا پھرنا ایک معمول سا بن گیا ہے۔
لوگوں کا کہنا ہے کہ جنگلی جانور اب بالائی علاقوں تک ہی محدود نہیں رہ گئے ہیں بلکہ میدانی علاقوں میں بھی نمودار ہونے لگے ہیں جس سے وادی میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔