اننت ناگ //پولیس،سی آر پی ایف اورمحکمہ جنگلی حیات کے حکام نے شیرپورہ اننت ناگ میں ایک چھاپے کے دوران خلاف قانون جنگلی جانوروں کی کھالیں اوراعضاء برآمد کرکے ایک شخص کو گرفتار کیا ہے۔ وائلڈ لائف کرائم کنٹرول بیورو نئی دہلی کی طرف سے مخصوص اطلاع موصول ہونے کے بعد پولیس ،سی آر پی ایف اور محکمہ جنگلی حیات کے حاکموں نے شیرپورہ اننت ناگ میں ایک مکان پر چھاپہ مارااور خلاف قانون جنگلی جانوروں جن میں تیندوں کی 8 کی کھالیں،مشکی ہرنوں کے 4تخم دان اورریچھوں کے38پتے شامل ہیں، برآمد کرکے گل محمد گنائی ولدعبدالرحمن گنائی نامی شخص کو گرفتار کیا۔محکمہ جنگلی حیات کے ذرائع کے مطابق ریچھوں کے پتے (گال بلیڈر) آٹھ سال پرانے ہیں ۔ذرائع کے مطابق محکمہ کو اس سے قبل بھی شکایت موصول ہوئی تھی لیکن وہ اس وقت چھاپہ مارٹیم کو چکمہ دینے میں کامیا ب ہوا تھا لیکن آج ملزم کے فرار ہونے کے تمام راستے پہلے ہی بند کئے گئے تھے۔اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن اننت ناگ میں ایک کیس زیر ایف آئی آر نمبر16/2021درج کرکے مزیدتحقیقات شروع کی گئی ہے ۔مزیدگرفتاریوں کو خارج ازامکان قرارنہیں دیا جاسکتا۔قابل ذکر ہے کہ جموں میں بھی اسی آپریشن کے تحت جنگلی حیات کے غیرقانونی اشیاء کوبھاری مقدارمیں برآمد کیا گیا ہے۔
اننت ناگ میں تیندوں کی 8کھالیں ، ریچھوں کے 38پِتّے اورہرنوں کے4تخم دان برآمد
