نئی دہلی// مرکزی الیکشن کمیشن نے اسلام آباد(اننت ناگ) نشست کیلئے ضمنی انتخابات کیلئے مرکزی سیکریٹری داخلہ کے ساتھ معاملہ اٹھایا تاکہ پرامن اور احسن طریقے سے انتخابی عمل کو پورا کیا جاسکے۔ سرینگر پارلیمانی نشست پر ضمنی انتخابات کے دوران احتجاجی مظاہروں،ہلاکتوں اور پر تشدد واقعات پیش آنے کے بعدالیکشن کمیشن اور مرکزی وزارت داخلہ نے اننت ناگ نشست پر ضمنی انتخابات کے معاملے کو زیر بحث لایا جبکہ اس دوران بہترین اور ساز گار ماحول میں انتخابی عمل پورا کرنے اور پولنگ مراکز کو معقول سیکورٹی فراہم کرنے کیلئے پولنگ مراکز کی تعداد میں کمی کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیف الیکشن کمشنر نسیم زیدی نے اپنے2الیکشن کمشنروں کے ہمراہ مرکزی داخلہ سیکریٹری راجیو مہر ریشی کے ساتھ ضمنی انتخابات پر بات چیت کی،جس دوران وزارد داخلہ کے سیکریٹری نے انہیں معقول مرکزی فورسز فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ بتایا جاتا ہے کہ مرکزی داخلہ سیکریٹری کی طرف سے یقین دہانی اس لئے اہمیت کی حامل ہے کیونکہ ریاستی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کی سربراہی والی مخلوط سرکار کے اندر سے وادی میں امن و قانون کی صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے ضمنی انتخابات کو موخر کرنے کی وکالت کی جارہی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ کئی تجارتی اور سیاحتی انجمنوں نے ریاستی سرکار کو مشورہ دیا ہے کہ موجودہ صورتحال اور یاترا کو مد نظر رکھتے ہوئے ضمنی انتخانات کونومبر تک ملتوی کیا جائے ۔بتایا جاتا ہے کہ مرکزی سیکریٹری داخلہ راجیو مہر ریشی نے الیکشن کمشنروں کو اس بات کی جانکاری دی کہ تمام ضروری فورسز کو فراہم کیا جائے گا تاہم وزارت کیلئے یہ آسان ہوگا کہ اگر الیکشن کمیشن پیشگی میں اس بات کی تفصیلات فراہم کرے کہ انہیں کس تعداد میں فورسز کی ضرورت ہے۔اننت ناگ پارلیمانی نشست میں قریب1600پولنگ مراکز ہیں تاہم سرینگر پارلیمانی حلقے میں انتخابات کے دوران پیش آئے واقعات کو مد نظر رکھتے ہوئے ریاست کے چیف الیکٹورل افسر نے مرکزی الیکشن کمیشن کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اس ضمنی انتخابات کے دوران پولنگ مراکز کی تعداد میں کمی لائے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پولنگ مراکز کی فہرست پر نظر ثانی کرنے کے بعد بھی4 اضلاع میں پھیلی پارلیمانی نشست پر پولنگ مراکز کی تعداد1200کے قریب رہے گی مرکزی حکومت نے وادی کی2پارلیمانی نشستوں پر ضمنی انتخابات کیلئے30ہزار مرکزی فورسز یہاں آئے تھے جن میں سے بیشتر فورسز اہلکار وادی چھوڑ کر اپنے یونٹوں میں واپس چلے گئے ہیں۔