اننت ناگ تصادم : ایک فوجی از جان، آپریشن ہنوز جاری

نیوز ڈیسک
سری نگر// جنوبی ضلع اننت ناگ کے وتہ نار کوکر ناگ علاقے میں سیکورٹی فورسز اور جنگجووں کے مابین جاری تصادم میں ایک فوجی ہلاک ہوا ہے۔

 

پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وتہ نار کو کر ناگ میں جنگجووں کی موجودگی کی اطلاع موصول ہونے کے بعد سیکورٹی فورسز اور پولیس نے مشترکہ طورپر اس گاوں کو ہفتے کی سہ پہر کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا۔

 

انہوں نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز کے اہلکار جونہی مشتبہ مقام کے نزدیک پہنچے تو وہاں پر موجود ملی ٹینٹوں نے فورسز پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی چنانچہ حفاظتی عملے نے بھی پوزیشن سنبھال کر جوابی کارروائی کا آغاز کیا اور اس طرح سے طرفین کے مابین گولیوں کا تبادلہ شروع ہوا۔

 

ذرائع نے بتایا کہ ملی ٹینٹوں کی ابتدائی فائرنگ میں ایک فوجی گولیاں لگنے سے شدید طورپر زخمی ہوا اگر چہ اُس کو علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال لے جایا گیا تاہم وہاں پر موجود ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔

 

معلوم ہواہے کہ سیکورٹی فورسز نے وتہ نار کوکر ناگ کے ایک وسیع علاقے کو محاصرے میں لے کر فرار ہونے کے سبھی راستوں پر پہرے بٹھا دئے ہیں۔

 

ذرائع کے مطابق پولیس ، سی آر پی ایف اور راشٹریہ رائفلز کی اضافی کمک کو بھی روانہ کیا گیا ہے ۔

 

آخری اطلاعات موصول ہونے تک گاوں میں شدید گولیوں کا تبادلہ جاری تھا۔